پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری دنیا بھر کی مقبول ترین انڈسٹری ہے۔ اِس کی بنیادی وجہ روزمرّہ کے مسائل کو ڈراموں کے ذریعے عوام تک پہنچانا ہے۔ ہمارے ڈراموں میں ان موضوعات کو اجاگر کیا جاتا ہے جن کا سامنا عام زندگی میں ہر فرد کر رہا ہوتا ہے۔
آج ہم کچھ ایسے ڈراموں کی بات کریں گے جن میں بیٹیوں (ہیروئن) کے ساتھ ساتھ ماؤں کے کردار کو بے حد پذیرائی مِلی۔ اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ان کرداروں کو اتنی مقبولیت کیوں مِلی؟
ڈراموں میں ماؤں کا کردار کرنے والی ان اداکاراؤں کو اس طرح دِکھایا گیا جو معمول سے ذرا مختلف تھا، ان ماؤں کا اپنے بچوں کے ساتھ ایک دوستانہ رشتہ دِکھایا گیا۔ یہ ڈرامے ایک مثال بنے کہ ضروری نہیں مائیں سخت ہوں، بچوں کے ساتھ دوستی کا رشتہ بھی ہو سکتا ہے۔ ہم یہ نہیں کہتے کہ حقیقت میں ایسی مائیں نہیں ہوتیں۔ ہمارے معاشرے کے مطابق اکثروبیشتر مائیں صحیح بات پر بھی اپنے بچے کا ساتھ نہیں دے پاتیں کیونکہ انہیں اِس بات کا ڈر ہوتا ہے کہ لوگ کیا کہیں گے؟
آج ہم آپ کو ہمارے اپنے ڈراموں کی ایسی ماؤں کے بارے میں بتائیں گے جو ایک طرح سے مثالی مائیں تصور کی جاتی ہیں۔
'زندگی گلزار ہے' میں کشف کی ماں
ڈرامہ میں کشف کی ماں کا کردار ثمینہ پیرزادہ نے کیا۔ یہ کردار اتنا جاندار تھا کہ ڈرامے کی اقساط کے آغاز سے ہی ہر کسی کی توجہ کا مرکز بن گیا۔ ڈرامے میں ماں کے کردار کو شفقت سے بھرپور دِکھایا گیا جس کی تعریف ہر دیکھنے والے نے کی، اور پھر اگر کردار کو نبھانے والی اداکارہ ثمینہ پیرزادہ ہوں تو کیا ہی بات ہے۔ اِس ماں نے اپنی بیٹی کا ہر طرح سے ساتھ دِیا۔ اپنی بیٹیوں کے لئے خود کی زندگی تک کی پرواہ نہ کی۔
'عہدِ وفا' میں سعد کی ماں
حالیہ دِنوں میں چلنے والا ہم ٹی وی کا مشہور ڈرامہ عہدِ وفا بھی اپنی شہرت کی بلندیوں پر ہے۔ ڈرامہ کا ہر کردار ہی تعریف کا مستحق ہے۔ کرداروں کی تعریف کے حوالے سے بات کی جائے اور سعد کی ماں کا ذکر نہ ہو، ایسا نہیں ہو سکتا۔ سعد کی ماں کا کردار ورسٹائل اداکارہ و ماڈل ونیزہ احمد نے کیا۔ ونیزہ کا کردار بھی ایک ایسی ماں کا ہے جو اپنے بچوں کے ہر فیصلے میں ان کے ساتھ ہوتی ہے، یہاں تک کہ بیٹے کی زندگی کے سب سے بڑے فیصلے میں بھی اس ماں نے بچے پر اپنی مرضی مسلط نہیں کی۔ ہم بات کر رہے ہیں زندگی کے ہمسفر کو منتخب کرنے کی، جبکہ آج کل ہماری حقیقی زندگیوں میں ایسا کچھ دیکھنے کو نہیں ملتا۔
'اڈراری' میں بشریٰ انصاری کا کردار
اڈاری ایک ایسا ڈرامہ تھا جو دِنوں میں ہی عوام میں مقبول ہو گیا۔ اس ڈرامہ میں عروہ حسین کی ماں کا کردار ادا کرنے والی بشریٰ انصاری کسی تعارف کی محتاج نہیں۔ بشریٰ انصاری نے بھی ایک ایسی ماں کا کردار ادا کیا جو ہر اچھے اور برے میں اپنی بیٹی کے ساتھ کھڑی رہی۔ اسے پرواہ نہیں تھی کہ دنیا والے کیا کہتے ہیں، انہوں نے صرف اپنی بیٹی کی بات کو فوقیت دِی۔