پاکستانی شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی ہانیہ عامر وہ اداکارہ ہیں جنہوں نے بہت ہی کم عرصہ میں ڈھیروں کامیابیاں اپنے نام کیں۔
2016 میں فِلم جانان سے اپنے کیرئیر کا آغاز کرنے والی اداکارہ ہانیہ عامر کی شوبز میں انٹری کچھ انوکھے انداز سے ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق ہانیہ عامر شوبز میں آنے سے قبل ڈب اسمیش نامی ایک ویڈیو ایپ پر اپنی اداکاری کی ویڈیوز بنایا کرتی تھیں جن میں سے کچھ وائرل بھی ہوئیں۔ عمران کاظمی جو کہ فلم جانان کے پروڈیوسر تھے، انہوں نے ویڈیوز میں ہانیہ کو اداکاری کرتے دیکھا اور یوں اپنی فِلم کے لئے کاسٹ کر لیا۔
ہانیہ کی پیدائش 11 فروری 1997 کو ہوئی جبکہ اداکارہ نے فاسٹ یونیورسٹی سے اپنی تعلیم مکمل کی ہے۔ ہانیہ عامر نا صرف ایک اداکارہ ہیں بلکہ ماڈل اور بہترین سنگر بھی ہیں۔
اداکارہ ہانیہ عامر نے نا صرف فلم جانان میں اپنی اداکاری کے جوہر دِکھائے بلکہ جن فلموں میں مرکزی کردار کیا ان میں 'نا معلوم افراد 2' اور 'پرواز ہے جنون' شامل ہیں اِس کے علاوہ اداکارہ فلم لوڈ ویڈنگ اور سپر اسٹار میں بھی بطور گیسٹ اپئیرینس جلوہ گر ہو چکی ہیں۔
ہانیہ عامر کے کئے گئے ڈراموں میں تتلی، پھر وہ ہی محبت، مجھے جینے دو، وصال، انا اور عشقیہ شامل ہے۔
ڈرامہ و فِلم انڈسٹری کی مشہور اداکارہ 4 مرتبہ ایوارڈز کی مختلف کیٹیگریز میں نامینیٹ ہو چکی ہیں جن میں سے دو ایوارڈ اداکارہ نے اپنے نام کئے۔
2017 میں لکس اسٹائل ایوارڈ کی تقریب میں اداکارہ کو فلم 'جانان' میں اداکاری کرنے پر بہترین معاون اداکارہ کے لئے نامینیٹ کیا گیا تھا جِسے وہ نہیں جیت سکی تھیں۔
2018 میں منعقد ہونے والے ہم ایوارڈز میں اداکارہ کو ڈرامہ 'پھر وہ ہی محبت' کے لئے بہترین نئی اداکارہ کے طور پر نومینیٹ کیا گیا تھا جس کا ایوارڈ ہانیہ نے اپنے نام کیا۔
2018 میں ہونے والے ہم اسٹائل ایوارڈز میں ہانیہ عامر اسٹائلش اداکارہ کا ایوارڈ بھی اپنے نام کر چکی ہیں جبکہ 2018 میں ہی ہونے والے انٹرنیشنل پاکستان پریسٹیج ایوارڈ میں نا معلوم افراد میں اداکاری کے لئے ہترین اداکارہ کی کیٹیگری میں نومینیٹ ہو چکی ہیں۔