پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری نئے ٹیلنٹ سے بھری پڑی ہے۔ ایسے بے شمار فنکار ہیں جو حال ہی میں ڈرامہ انڈسٹری کا حصّہ بنے، جبکہ لوگ انہیں بے حد پسند بھی کر رہے ہیں، لیکن ہر اداکار کے پاس یہ کمال نہیں ہوتا کہ اچھا دِکھنے کے ساتھ ساتھ اچھی اداکاری بھی کرے۔
آج ہم آپ کو ایسے ہی چند ستاروں کے بارے میں بتائیں گے جنہوں نے حال میں کچھ ڈراموں میں ایسی جاندار اداکاری کی ہے کہ ہر فرد ان ہی کے گن گاتا دِکھائی دے رہا ہے۔
نعیمہ بٹ
سب سے پہلے ہم بات کریں گے ورسٹائل اداکارہ نعیمہ بٹ کی جنہوں نے سپر ہٹ ڈرامہ سیریل 'عہدِ وفا' سے اپنی اداکاری کا آغاز کیا۔ نعیمہ نے ڈرامے میں شارق کی بہن 'غزالہ' کا کردار ادا کیا۔ تاہم اداکارہ کا کردار ڈرامے میں زیادہ طویل نہ تھا لیکن نعیمہ بٹ کی جاندار اور خوبصورت اداکاری نے سب کو اپنا گرویدہ بنا لیا۔
بہت ہی کم عرصہ میں نعیمہ نے لوگوں کی توجہ حاصل کر لی۔ عہدِ وفا کے علاوہ نعیمہ بٹ ڈرامہ سیریل داسی میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دِکھا رہی ہیں۔
محمد حنبل
محمد حنبل نے بھی ڈرامہ 'عہدِ وفا' سے ڈیبیو کیا۔ حنبل نے ڈرامہ میں 'خورشید' کا کردار ادا کیا جس کو سوشل میڈیا پر کافی پذیرائی مِلی۔ ڈرامہ میں خورشید کے کردار کے دو پہلو دِکھائے گئے۔ ایک جس میں خورشید کو مزاحیہ انداز میں اداکاری کرتے دیکھا گیا جبکہ دوسرا پہلو جذبات کے عنصر سے بھرپور تھا۔ مداحوں کو حنبل کے ہر انداز نے متاثر کیا۔
فریحہ رضا
ڈرامہ سیریل 'الف' میں 'اقصیٰ' کا کردار ادا کرنے والی یہ اداکارہ فریحہ رضا ہیں۔ ان کی اداکاری میں ایک ٹہراؤ ہے جس کو مداحوں نے بہت پسند کیا ہے۔ سپر ہٹ ڈرامہ الف میں مومنہ کی دوست کا کردار ادا کرنے والی فریحہ ایک ویب سیریز میں بھی جلوہ گر ہو چکی ہیں۔
عدنان صمد خان
'عہدِ وفا' سے اپنی اداکاری کے سفر کا آغاز کرنے والے عدنان صمد خان ڈرامہ میں آتے ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئے۔ عدنان صمد خان نے ڈرامہ میں 'گلزار' کا کردار ادا کیا جو چند دنوں میں ہی سب کا پسندیدہ کردار بن گیا۔ عدنان نے بہت ہی کم عرصے میں وہ شہرت اپنے نام کی جو دیگر اداکار انڈسٹری میں کافی وقت گزار کر بھی حاصل نہیں کر پاتے۔
مومنہ اقبال
مومنہ کو جس کردار سے شہرت مِلی وہ 'معصومہ' کا کردار تھا جو انہوں نے ڈرامہ 'عہدِ وفا' میں کیا۔ مومنہ اقبال اس سے قبل بھی ایک فِلم میں جلوہ گر ہو چکی ہیں جبکہ کئی ڈراموں میں بطور معاون اداکارہ بھی کام کر چکی ہیں، لیکن مداحوں کی جانب سے انہیں معصومہ کے کردار میں بے حد پسند کیا گیا۔