یہ بات ہم سب ہی جانتے ہیں کہ ہماری پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری میں بہت سے اداکار ہیں جن کی آپس میں شادیاں ہوئی ہیں لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ یہ شادیاں ہوئیں کیسے؟
آج ہم آپ کو بتائیں گے ایسے ہی کچھ فنکاروں کی دوستی سے محبت اور پھر محبت سے شادی کی کہانی۔
بلال قریشی اور عروسہ قریشی
اداکار بلال قریشی کی عروسہ سے ملاقات 2012 میں ڈرامہ سیریل 'پیا کا گھر پیارا لگے' کے سیٹ پر ہوئی تھی جس میں عروسہ بلال کی بہن کا کردار ادا کر رہی تھیں۔ بلال کے مطابق وہ سیٹ پر ہمیشہ عروسہ کو ہی ڈھونڈتے رہتے تھے کیونکہ انہیں ہیروئن سے زیادہ عروسہ پسند تھیں۔ بعدازاں دونوں دوست بنے جس کے بعد ان کی مختصر عرصے میں ہی شادی ہو گئی۔ اب دونوں کا ایک بیٹا بھی ہے۔
علی سفینہ اور حرا ترین
یہ دونوں بھی پاکستان کے نامور اداکار ہیں۔ علی سفینہ نے حرا کی محض ایک تصویر دیکھی تھی جس کے بعد حرا انہیں بے حد پسند آگئیں۔ اس کے بعد 6 سے 7 ماہ بعد دونوں کی ملاقات ایک دوست کی شادی پر ہوئی جس میں علی اور حرا کی دوستی ہو گئی۔ تین ماہ بعد دونوں کی منگنی ہوئی جس کے بعد شادی ہو گئی۔ دونوں کی اب ایک بیٹی بھی ہے۔
شہروز سبزواری اور سائرہ شہروز
یہ دونوں اداکار بھی ایک دوست کی شادی پر ملے تھے جس کے بعد دونوں میں گہری دوستی ہو گئی۔ اس وقت سائرہ کی عمر 18 جبکہ شہروز کی عمر 19 سال تھی۔ دونوں کی دوستی ایک طویل عرصے تک قائم رہی اس کے بعد دونوں کی شادی ہو گئی اور اب ان کی ایک بیٹی بھی ہے۔
کنور ارسلان اور فاطمہ آفندی
یہ دونوں بھی اپنے پہلے ڈرامے کے سیٹ پر مِلے تھے جہاں ان میں خاصی دوستی ہوگئی تھی۔ ان کی دوستی کی بھی یہ ہی وجہ تھی کہ ان کے مزاج کافی ملتے تھے۔ فاطمہ چاہتی تھیں کہ یہ دونوں شادی کر لیں جبکہ کنور یہ ذمہ داری اٹھانے کو تیار نہ تھے تاہم بعدازاں کنور کو احساس ہوا کہ یہ دونوں ایک دوسرے کے بغیر نہیں رہ سکتے۔ دونوں کی شادی ہو گئی جبکہ اب اداکار جوڑے کے دو بیٹے ہیں۔
فواد افضل خان اور صدف خان
فواد اور صدف بہت ہی کم عمری سے ہی ایک دوسرے کے بہترین دوست ہیں۔ فواد کے مطابق انہیں صدف اتنی پسند تھیں کہ انہوں نے صدف کے ٹیوشن میں ایڈمیشن لے لیا۔ روز انہیں دیکھنے کی غرض سے وہ ٹیوشن سینٹر جایا کرتے تھے۔ پھر ان کی شادی ہو گئی اور اب ماشااللہ سے ان کے دو بچے ہیں۔