پاکستانی شوبز انڈسٹری میں آنے والے ہر فنکار کا تعلق اچھے اور مستحکم گھرانے سے نہیں ہوتا۔ بے شمار اداکار ایسے ہیں جو صرف اپنے مالی حالات سدھارنے کے لئے شوبز انڈسٹری کا حصہ بنے لیکن اگر آج ہم انہیں دیکھیں تو ایسا لگے گا جیسے وہ ہمیشہ سے ایسے ہی ہیں۔
بہت سے ستارے محض شوق کی بنیاد پر انڈسٹری کا حصّہ بنے جبکہ کچھ کو ان کے حالات نے فنکار بنا دیا۔ آج ہم آپ کو ان چند ستاروں کے بارے میں بتائیں گے جنہوں نے انڈسٹری میں آنے سے قبل کافی مشکلات دیکھیں اور اس مقام تک پہنچنے کے لئے بھی کڑی جدوجہد کی۔
نعمان اعجاز
یہ نام بے شک کسی تعارف کا محتاج نہیں۔ نعمان اعجاز کی جاندار اداکاری کے سبب ان کا ہر ڈرامہ ہی بے مثال ہوتا ہے جِسے مداحوں کی جانب سے بے حد پسند کیا جاتا ہے۔ یہ جان کر آپ کو حیرت ہو گی کہ ماضی میں نعمان اعجاز پیشے کے لحاظ سے ایک وکیل تھے۔ اداکار نے قائداعظم یونیورسٹی سے وکالت کی ڈگری حاصل کی لیکن بدقسمتی سے اس شعبے میں کامیابی نا ملنے پر اداکاری کی طرف آگئے اور آج پاکستان کے کامیاب ترین اداکاروں میں ان کا شمار ہوتا ہے۔
ماہرہ خان
پاکستان کی نامور اداکارہ ماہرہ خان جنہوں نے پاکستان میں کامیابی کے ایسے جھنڈے گاڑے کہ انہیں بالی ووڈ سے شاہ رخ خان کے ساتھ فِلم آفر ہوئی جس میں انہوں نے بہترین اداکاری کی۔ ماہرہ خان کی شہرت کی وجہ ڈرامہ ہمسفر تھا۔ یہ بہت ہی کم لوگ جانتے ہیں کہ اداکارہ ماہرہ خان نے اِس مقام تک پہنچنے کے لئے کس قدر محنت کی۔ ماہرہ خان اداکاری کے شعبے سے وابستہ ہونے سے قبل یونیورسٹی آف کیلیفورنیا میں طالبعلم تھیں اور اپنی پڑھائی کے اخراجات خود اٹھاتی تھیں۔ ماہرہ خان نے وہاں کافی معمولی نوکریاں کیں۔ انہوں نے ایک میڈیکل اسٹور میں اکاؤنٹنٹ کے طور پر کام کیا جبکہ اداکارہ کے مطابق انہوں نے وہاں کی صفائی تک کی ہے۔
علی ظفر
ہر دِلعزیز گلوکار علی ظفر اپنی بہترین گلوکاری سے ناصرف پاکستان بلکہ بھارت میں بھی شہرت حاصل کر چکے ہیں۔ علی ظفر گلوکاری سے قبل مصوری کیا کرتے تھے۔ نیشنل کالج آف آرٹس سے ڈگری حاصل کرنے والے علی ظفر کو آج بھی رنگوں سے کھیلنا بے حد پسند ہے لیکن ان کی پہلی ترجیح صرف گلوکاری ہی ہے۔
فواد افضل خان
ہر دِل پر راج کرنے پاکستان کے پسندیدہ اداکار فواد افضل خان کِسی تعارف کے محتاج نہیں۔ اِن کے ڈراموں اور فِلموں کو ناصرف پاکستان بلکہ پڑوسی ملک بھارت میں بھی کافی مقبولیت حاصل ہے۔ ماہرہ کی طرح فواد خان نے بھی ڈرامہ سیریل ہمسفر سے شہرت حاصل کی۔ فواد خان اداکاری سے قبل ایک میوزیکل بینڈ کے سربراہ تھے ساتھ ہی وہ گلوکاری بھی کیا کرتے تھے لیکن ان کا کبھی کوئی گانا ریلیز نہیں ہوا تھا۔