حالیہ دِنوں میں پاکستان کا سب سے زیادہ دیکھا جانے والا ڈرامہ عہدِ وفا کی گزشتہ قسط نے سب کا دِل جیت لیا۔ ڈرامے کی قسط نمبر 22 وہ تھی جس کا سب کو بے صبری سے انتظار تھا۔ مذکورہ قسط میں آخرکار سعد اور دعا کی شادی ہو ہی گئی لیکن اس قسط میں جس چیز کو سب سے زیادہ پذیرائی مِلی وہ تھی 'ایس ایس گروپ' کی دوبارہ دوستی۔
گزشتہ قسطوں میں ڈرامے میں موجود چار دوستوں شہریار، سعد، شاہ زین اور شارق کے درمیان ہوئی غلط فہمی بالآخر 22ویں قسط میں ختم ہوگئی۔
اِس قسط کا مداحوں کو بے صبری سے انتظار تھا۔ اگر ہم یہ کہیں کہ اس قسط میں دوستی کی اہمیت اور قدر دِکھائی گئی ہے تو غلط نہ ہو گا۔ ڈرامے کی اس قسط نے تمام پاکستانیوں کو ان کے دوست یاد دِلا دئیے۔
ڈرامہ کی قسط نے تقریباً ہر فرد کو ہی جذباتی کر دیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بے شمار صارفین نے اس قسط کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔