ہر ڈرامہ میں اچھے اور برے دونوں کردار موجود ہوتے ہیں۔ اچھے کِردار وہ ہوتے ہیں جن کی اداکاری اس قدر جاندار ہوتی ہے جو ناظرین کو بے حد پسند آتی ہے، اس کے علاوہ بہترین کِردار اپنے دیکھنے والوں پر ایسے اثرات مرتب کرتا ہے جو ایک لمبے عرصے تک ان کے ذہنوں میں رہتا ہے۔
آج ہم ان ہی چند کرداروں کی بات کریں گے جن کی اداکاری اس قدر جاندار ہے کہ ناظرین کی جانب سے ان کو بے حد سراہا جا رہا ہے۔
عبدلاعلی (الف)
یہ ایک ایسا کِردار ہے جس کی خوبصورتی کو بیان کرنے کے لئے الفاظ ہی ختم ہوجائیں۔ ڈرامہ الف میں مومن کے دادا عبدلاعلی کے کردار کو بے حد سراہا جا رہا ہے۔ اس کردار کو معاشرے میں موجود ہر اس فرد سے جوڑا جا سکتا ہے جو پہلے گناہ کرتا ہے اور اس کے بعد اپنے ماضی پر پچھتاتا ہے۔ اس کردار کو ایسا سمجھدار دِکھایا ہے جو اپنی کی گئی غلطیوں سے سیکھتا ہے۔ جس طرح اس ڈرامے میں عبدلاعلی اپنے پوتے قلبِ مومن کے لئے مشعلِ راہ بنا ہے وہ سب کے لئے ایک مثال ہے۔ یہ کردار لوگوں کے دِلوں پر راج کر رہا ہے۔
شہریار (عہدِ وفا)
آج کل ڈرامہ عہدِ وفا میں شہریار کا کردار ناظرین کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ اس کردار کو لوگ بے حد پسند کر رہے ہیں جس کی وجہ احمد علی اکبر کی جاندار اداکاری ہے۔ اس کردار کو ایسا نوجوان دِکھایا گیا ہے جو اپنے مقاصد حاصل کرنے کے لئے انتہائی سنجیدہ ہے۔ اسے اپنی غربت کے ساتھ ساتھ اپنے باپ کی قربانیوں کا بھی اچھی طرح احساس ہے۔ شہریار اپنے اصولوں کا پابند اور ایک محنتی نوجوان ہے جو اعلٰی افسر بننے کے بعد بھی کرپشن کے عناصر کو مٹانے کے لئے کوشاں ہے۔ اپنی طاقت کا صحیح استعمال کرنا اس کردار نے لوگوں کو سکھایا ہے۔
حسنِ جہاں (الف)
حسنِ جہاں ایک ایسی عورت کا کردار ہے جو دوسروں کی خاطر اپنی خوشیاں قربان کر دیتی ہے۔ ساری زندگی خود کا سوچے بغیر صرف دوسروں کی سننے والی حسنِ جہاں جب اپنے لئے ایک اہم فیصلہ لیتی ہے تو ہر کوئی اس کا ساتھ چھوڑ دیتا ہے۔ بہت سے ناظرین کی آنکھوں میں اس کردار کی وجہ سے آنسو بھی آگئے۔ اس کردار کے ساتھ ہمیشہ اس ہی شخص نے برا کیا جو اس کے سب سے زیادہ قریب تھا۔ لوگوں کی ہمدردیاں اور پسندیدگی اس کردار کے لئے دیکھنے میں آئی ہے۔
سعد کی ماں (عہدِ وفا)
سعد کی ماں کا کردار ورسٹائل اداکارہ و ماڈل ونیزہ احمد نبھا رہی ہیں۔ ناظرین کی جانب سے اس کردار کو بے حد پذیرائی مِل رہی ہے۔ اس کردار کی خاصیت یہ ہے کہ ایک ماں کس طرح اپنے بچے کے لئے ہر وقت کھڑی رہتی ہے۔ اسے ہر طرح سے سمجھاتی ہے۔ اس کی نرمی، اس کی شفقت سب ہی بے مثال ہے۔ سعد کی ماں کی اس کے بیٹے کے لئے لازوال محبت اس کردار کی خوبصورتی کا باعث ہے۔
دعا (عہدِ وفا)
دعا بھی آج کل کا وہ کردار ہے جس سے ہم بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں۔ اپنے کیرئیر کے سامنے اس کے لئے اور کچھ ضروری نہیں ہے۔ محبت اور رشتوں کی قدر کرنے والی دعا آج کل سب ہی کی پسندیدہ ہے۔ یہ وہ کِردار ہے جسے ڈرامہ کی پہلی قسط سے ہی بے حد پذیرائی حاصل ہے۔ یہ ایک ایسی لڑکی ہے جو اپنے والدین سے بہت محبت کرتی ہے اور ہمیشہ سچ بولتی ہے۔ اس کا کردار ایک اصول پسند لڑکی کا ہے۔