پاکستان کے نامور اداکار احد رضا میر، عثمان خالد بٹ، احمد علی اکبر اور وہاج علی کا ڈرامہ 'عہد وفا' اس وقت انٹرنیٹ پر بے حد مقبول ہو رہا ہے۔
جہاں سوشل میڈیا پر اس ڈرامے کو دیکھنے والوں کا ملا جلا ردعمل موصول ہو رہا ہے وہیں اب سیاستدانوں اور میڈیا کی کردار کشی کے الزام میں اس ڈرامے پر پابندی کے لیے لاہور کے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔
ذرائع کے مطابق 'عہد وفا' کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی جس پر رجسٹرار آفس نے اعتراض بھی اٹھایا پھر لاہور ہائیکورٹ نے درخواست پر رجسٹرار آفس کا اعتراض ختم کرتے ہوئے درخواست سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایت کر دی۔
محمد ذیشان نامی قانون کے طالب علم نے لاہور ہائی کورٹ میں 'عہد وفا' کے خلاف پابندی کے لیے درخواست دائر کی تھی۔
اپنا مؤقف بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈرامے میں سیاستدان، میڈیا، بیورو کریسی اور فوج کے کردار دکھائے گئے جبکہ سیاستدانوں اور میڈیا کی کردار کشی کی جا رہی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈرامہ عہد وفا میں سیاستدانوں اور میڈیا کی کردار کشی سے بیرونی ممالک میں پاکستان کا منفی تاثر جا رہا ہے۔
محمد ذیشان نے عدالت سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس ڈرامے پر فوری پابندی کا حکم دے۔
خیال رہے کہ اس ڈرامے کی کہانی چار دوستوں پر مبنی ہے جو اسکول میں ہونے والے ایک جھگڑے کے بعد ایک دوسرے سے جدا ہو جاتے ہیں لیکن ہمشیہ ساتھ گزارے ہوئے لمحات کو یاد کرتے ہیں۔