مشہور بھارتی گلوکار اے آر حمٰن کی بیٹی خدیجہ رحمٰن نے برقعے پر تنقید کرنے والی بنگلادیشی لکھاری تسلیمہ نسرین کو سوشل میڈیا پر جواب دے دیا۔
گزشتہ دِنوں بنگلادیشی رائٹر تسلیمہ نسرین نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھارتی گلوکار اے آر رحمٰن کی بیٹی خدیجہ رحمٰن کی ایک تصویر پوسٹ کی تھی جس میں اُنہوں نے برقع اور حجاب پہنا ہوا تھا۔
رپورٹ کے مطابق بنگلادیشی رائٹر تسلیمہ نسرین کا کہنا تھا کہ ’مجھے اے آر رحمٰن کی گلوکاری پسند ہے لیکن میں جب بھی اُن کی بیٹی کو دیکھتی ہوں تو میرا دم گُھٹنے لگتا ہے۔‘
تسلیمہ نسرین نے لکھا کہ ’یہ بہت افسوس کی بات ہے کہ ایک ثقافتی خاندان میں پرورش پانے والی لڑکی کا باآسانی برین واش ہو سکتا ہے۔‘
ان کے اِس تنقید آمیز ٹوئٹ پر گلوکار اے آر رحمان کی بیٹی خدیجہ رحمٰن بھی خاموش نہ رہیں اور اُنہوں نے انسٹاگرام پر اپنی حجاب میں ملبوس تصویر شیئر کی جس پر اُنہوں نے ایک طویل کیپشن لکھا۔
خدیجہ رحمٰن نے لکھا کہ ’بھارت میں اِس وقت بہت کچھ ہو رہا ہے لیکن سب لوگ اِس بات کے لیے فکر مند ہیں کہ عورت کو کس طرح کا لباس زیب تن کرنا چاہیے اور یہ دیکھ کر میں بہت حیران ہوتی ہوں۔ ‘
اُنہوں نے لکھا کہ ’میں جب بار بار یہ موضوع سُنتی ہوں تو میرے اندر ایک آگ بھڑک اُٹھتی ہے۔‘
خدیجہ رحمٰن نے اپنی پوسٹ پر یہ بھی لکھا کہ ’میں بہت ساری باتیں کہنا چاہتی ہوں، گزشتہ ایک سال میں مجھے اپنا جو ایک مختلف وژن ملا ہے وہ اِس سے پہلے کبھی نہیں ملا تھا۔‘
خدیجہ رحمٰن نے لکھا کہ ’میں کمزور نہیں ہوں اور نا ہی میں اپنی اِس زندگی کے انتخاب پر افسردہ ہوں بلکہ میں بہت خوش ہوں اور مجھے برقع اور حجاب پہننے پر بہت فخر ہے۔‘
اُنہوں نے لکھا کہ ’میں اُن لوگوں کا دل سے شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں جنہوں نے مجھے اِس طرح قبول کیا اور وہ مجھے میرے کام سے جانتے ہیں۔‘
گلوکار کی بیٹی نے لکھا کہ ’میں اِس بارے میں صرف اتنا کہوں گی کہ میں اللّہ کے بتائے ہوئے طریقوں پر زندگی بسر کر رہی ہوں۔‘
ان کا بنگلادیشی رائٹر کو مخاطب کرتے ہوئے لکھنا تھا کہ ’محترمہ تسلیمہ نسرین! مجھے افسوس ہو رہا ہے کہ آپ اپنے ہی لباس کی وجہ سے گُھٹن محسوس کر رہی ہیں، آپ کو کچھ تازہ ہوا لینے کی ضرورت ہے۔‘
خدیجہ رحمٰن نے لکھا کہ ’مجھے برقع پہننے سے کوئی گُھٹن محسوس نہیں ہوتی ہے بلکہ مجھے فخر محسوس ہوتا ہے اور میں اپنے اِس فیصلے میں بااختیار ہوں۔‘
اُنہوں نے لکھا کہ ’تسلیمہ نسرین میرا آپ کو مشورہ ہے کہ آپ کو ایک بار گوگل کرکے حقیقی نسوانیت کا مطلب معلوم کرنا چاہیے ۔‘
خیال رہے کہ بنگلادیشی رائٹر تسلیمہ نسرین سوشل میڈیا پر اکثر اپنے ایسے متنازع بیان دینے میں آگے رہتی ہیں اور گزشتہ کچھ دِنوں سے وہ برقع پہننے کے خلاف بیان دیتی دکھائی دے رہی ہیں۔