پاکستان کے نامور اور ہر دِلعزیز گلوکار علی ظفر نے اپنے مداحوں کے لیے انتہائی اہم اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق گلوکار علی ظفر نے ایک ایسا پلیٹ فارم متعارف کروا دِیا ہے جو نوجوان فنکاروں کو ان کی صلاحیتیں نکھارنے میں مددگار ثابت ہو گا۔
علی ظفر نے 'لائٹ اِنگیل ریکارڈز' کے نام سے اِس پلیٹ فارم کا آغاز کیا ہے جس کے ذریعے وہ ہر سال 10 نوجوان آرٹسٹ متعارف کرائیں گے۔
گلوکار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنی ایک پوسٹ کے ذریعے اس پلیٹ فارم کے متعارف کرائے جانے کا اعلان کیا جبکہ نوجوان فنکاروں کو درست پلیٹ فارم فراہم کرنے کی اہمیت کے بارے میں بھی بتایا۔
علی ظفر نے لکھا کہ 'اگرچہ ہمارے معاشرے میں فن کی اہمیت اور ضرورت سے اتفاق نہیں کیا جاتا لیکن ہمارا خطہ (ملک) ایسے ٹیلنٹ سے بھرپور ہے جو صرف موقع کے منتظر ہیں'۔
واضح رہے گلوکار علی ظفر کی جانب سے متعارف کرائے جانے والا یہ پلیٹ فارم ان نوجوانوں کے لیے ایک بہترین پلیٹ فارم ہوگا جو ٹیلنٹ سے مالامال ہیں لیکن بد قسمتی سے انہیں اپنی صلاحیتوں کو درست طریقے سے استعمال کرنے کا موقع نہیں مِلتا۔