پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے بے شمار اداکار ایسے ہیں جنہوں نے اپنے ڈرامہ کیرئیر کے دوران وقفہ لیا اور پھر ڈراموں میں اداکاری کا پِھر سے آغاز کیا۔ لیکن اگر ہم یہ کہیں کہ قسمت ہمیشہ مہربان نہیں رہتی، تو غلط نہ ہوگا۔
آئیے دیکھتے ہیں وہ کون سے اداکار ہیں جن کو لمبے عرصے بعد ڈراموں میں اداکاری کرنا کچھ زیادہ نہیں بھایا۔
صنم جنگ
صنم جنگ پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی بہت ہی قابل اداکارہ ہیں۔ ان کا شمار انڈسٹری کے ان لوگوں میں ہوتا ہے جو تعداد میں کم لیکن معیاری کام کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے نامور پاکستانی ڈرامے دلِ مضطر سے ڈرامہ انڈسٹری میں قدم رکھا۔ ادکارہ نے چند سال قبل اداکاری کو خیر آباد کہہ کہ مارننگ شو میں ہوسٹنگ کے فرائض سر انجام دینا شروع کر دیے تھے تاہم اب کافی عرصہ گزر جانے کے بعد صنم جنگ نے ڈراموں میں اداکاری کا پِھر سے آغاز کیا۔ اداکارہ آج کل ہم ٹی وی سے نشر ہونے والے ڈرامہ میں نہ جانوں میں اداکاری کے جوہر دِکھا رہی ہیں۔ صنم کے مداحوں نے ان سے بے شمار امیدیں وابستہ کر رکھی تھیں تاہم اداکارہ کے اس ڈرامے کو ناظرین کی جانب سے زیادہ پسند نہیں کیا جا رہا۔ بہت سے لوگ نا صرف ڈرامے کی اسٹوری لائن کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں بلکہ اس کِردار کو منتخب کرنے پر صنم جنگ پر بھی تنقید ہو رہی ہے۔
نادیہ خان
نادیہ خان کی شہرت کی وجہ ان کی ہوسٹنگ تھی۔ بے شمار لوگ ان کے انوکھے انداز کے مداح تھے۔ میزبان و اداکارہ نے اپنی کم عمری میں ایک ڈرامہ جس کا نام بندھن تھا، میں اداکاری کی تھی جس کو ناظرین کی جانب سے بے حد پذیرائی حاصل ہوئی۔ نادیہ خان کے مداح انہیں اسی طرح کے کسی کِردار میں دیکھنے کے خواہاں ہیں جبکہ نادیہ خان کے حالیہ دِنوں کے ڈرامے انتہائی ناکام ہو رہے ہیں۔ مداح انہیں ان کی اداکاری کے باعث شدید تنقید کا نشانہ بھی بنا رہے ہیں۔
عدیل حسین
عدیل حسین نے بھی اپنی منفرد اداکاری سے لوگوں کے دِلوں میں گھر کر لیا۔ وہ دام میں جلوہ گر ہوئے اس کے بعد ان کا ڈرامہ متاعِ جان ہے تو مداحوں میں کافی مقبول ہوا۔ عدیل حسین نے ڈراموں میں اداکاری سے وقفہ لے کر فِلموں میں اداکاری شروع کی تاہم اب وہ واپس ڈرامہ انڈسٹری کا حصہ بن چکے ہیں۔ حال ہی میں اداکار کا ہم ٹی وی سے چلنے والا ڈرامہ داسی ناظرین کے دِلوں میں اپنی جگہ بنانے میں بلکل ناکام رہا۔ مداحوں کی جانب سے اس ڈرامے کے لیے نا پسندیدگی کا اظہار بھی کیا گیا۔