پاکستان شوبز کے سابق اداکار حمزہ علی عباسی نے ترکی کے صدر رجب طیب اردوان کی پاکستان آمد کے موقع پر کہا ہے کہ خدا ترکی اور پاکستان کو ہمیشہ آباد رکھے۔
ذرائع کے مطابق ترک صدر کی پاکستان آمد پر حمزہ علی عباسی نے وزیراعظم عمران خان اور رجب طیب اردوان کی تصویر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کی اور پاک ترک دوستی کی اعلیٰ مثال دیتے ہوئے لکھا کہ پاک ترک دوستی اس حقیقت کی بہترین مثال ہے کہ تمام مسلمان آپس میں بھائی بھائی ہیں۔ مجھے ترک صدر اور عمران خان سے بہت امیدیں وابستہ ہیں۔ خدا انہیں اپنے کام میں مخلص رکھے، ان کی رہنمائی اور مدد کرے۔
واضح رہے کہ ترک صدر رجب طیب اردوان وزیر اعظم عمران خان کی دعوت پر 2 روزہ دورے کے لئے پاکستان آئے ہوئے ہیں۔ ترک صدر نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں دل چھونے والا خطاب کیا اور پوری دنیا کو پاک ترک کی مضبوط دوستی کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو بھرپور تعاون اور حمایت کا یقین دلاتا ہوں۔
حمزہ نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں خاص طور پر ہیش ٹیگ ’PakTurkFriendship‘ کا بھی استعمال کیا۔