ویسے تو ہر اداکار میں اداکاری کے علاوہ بھی کئی خوبیاں موجود ہوتی ہیں لیکن کچھ فنکار ایسے ہیں جو واقعی با کمال اور منفرد صلاحیتوں کے مالک ہیں۔
آج ہم آپ کو بالی ووڈ سے تعلق رکھنے والے چند ایسے فنکاروں کے بارے میں بتائیں گے جو جہاز اڑانا جانتے ہیں۔ جی ہاں! انہیں بہترین اداکاری کے ساتھ ساتھ جہاز اڑانے کا فن بھی بخوبی آتا ہے۔
امیتابھ بچن
بالی ووڈ انڈسٹری کے شہنشاہ امیتابھ بچن کو شروع سے ہی انڈین ائیر فورس میں جانے کا بہت شوق تھا۔ بارہا امیتابھ بچن اپنے انٹرویوز میں یہ بات بتا چکے ہیں کہ انہیں جہاز اڑانا آتا ہے اور وہ اِس کے کافی شوقین ہیں۔ ایک انٹرویو کے دوران سوال کے جواب میں امیتابھ بچن نے کہا تھا کہ 'ہاں مجھے جہاز اڑانا آتا ہے۔ اگر کبھی ہنگامی حالت پیش آجائے اور آپ جہاز میں ہوں تو میں اِس قابل ہوں کہ جہاز کو محفوظ طریقے سے لینڈ کروا سکوں'۔
شاہد کپور
بالی ووڈ کے منجھے ہوئے اداکار شاہد کپور نے اپنی ایک فِلم موسم میں فائٹر پائلٹ کا کِردار ادا کیا تھا جبکہ اداکار نے خود بھی پروفیشنل پائیلٹ کی تربیت حاصل کر رکھی ہے۔ حیران کن طور پر شاہد کپور بالی ووڈ کے وہ واحد اداکار ہیں جنہوں نے حقیقی زندگی میں F-16 لڑاکا ۔طیارہ اڑایا ہے
گل پناگ
اپنی بہترین اور جاندار اداکاری سے بہت ہی کم وقت میں مداحوں کے دِل میں اپنی جگہ بنانے والی اداکارہ گل پناگ کا بچپن سے ہی پائلٹ بننے کا شوق تھا جِسے انہوں نے پورا بھی کیا۔ گل پناگ ایک اچھی اداکارہ کے ساتھ ایک پائلٹ بھی ہیں۔
آسِن
گجھنی گرل آسِن بھی جہاز اڑانا بخوبی جانتی ہیں۔ اِس بات کا انکشاف پچھلے سال جون کے مہینے میں ہوا جب اداکارہ چھٹیاں گزارنے اٹلی گئی ہوئی تھیں۔ آسِن نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر چند تصاویر شئیر کیں جس میں وہ ایک جہاز چلاتے نظر آرہی ہیں۔
وویک اوبرائے
اداکار وویک اوبرائے نے اپنی فِلم کرش 3 کے لیے جہاز اڑانا سیکھا تھا جبکہ فِلم کے بعد انہوں نے پرائیویٹ پائلٹ کا لائسنس لینے کا اراداہ کر لیا تھا۔ اداکار نے 2 سیٹ پر مشتمل چھوٹا جہاز اڑانا سیکھ رکھا ہے۔
سشانت سنگھ راجپوت
فِلم ایم ایس دھونی سے شہرت پانے والے اداکار سشانت سنگھ راجپوت بھی جہاز اڑانے کی تربیت لے رہے ہیں۔ اداکار اپنی آنے والی فِلم 'چندا ماما دور' کے لیے جہاز اڑانا سیکھ رہے ہیں۔