سیاحوں کے شوقین افراد کے لئے ایک بڑی خوشخبری اب گھومنے پھرنے کے لئے ایک خوبصورت ملک نے ویزا پالیسی کی مدت میں اضافہ کردیا۔
متحدہ عرب امارات کی حکومت نے ملک میں داخلے کے لیے پہلی مرتبہ 5 سالہ سیاحتی ویزا پالیسی کی منظوری دے دی۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق وزیراعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد کی زیرِ صدارت نئے سال میں کابینہ کا پہلا اجلاس منعقد ہوا جس میں نئی ویزا پالیسی کے حوالے سے منظوری دی گئی۔
شیخ محمد بن راشد المکتوم کا کہنا تھا کہ دبئی میں سالانہ دس لاکھ سے زائد سیاح سیر و سیاحت کے لئے آتے ہیں اور ہماری یہی کوشش ہے کہ ہم متحدہ عرب امارات کو دنیا کا اہم بین الاقوامی سیاحتی مقام بنائیں۔
یاد رہے کہ موجودہ متحدہ عرب امارات کی ویزا فری پالیسی کے تحت برطانیہ، آئرلینڈ، آسٹریلیا، چین اور ہانگ کانگ سمیت دیگر چند ممالک کے سیاحوں کو متحدہ عرب امارات پہنچ کر 90 دن کا ویزا حاصل کرنے کی سہولت حاصل ہے۔
خیال رہے کہ 4 دسمبر کو یو اے ای کے وفاقی ادارے برائے شناخت و شہریت نے بات واضح کی تھی کہ بیرون ممالک سے آنے والے مسافروں کے لیے ہم 2 قسم کے ٹرانزٹ ویزا کی سہولت فراہم کریں گے۔
ایک ٹرانزٹ ویزے کی قیمت بالکل مفت ہے جس کی مدت 48 گھنٹے ہے جب کہ دوسرا ٹرانزٹ ویزا 96 گھنٹوں کے لئے مقرر ہے جس کے لیے 50 درہم وصول کیے جائیں گے ۔ یہ دونوں ٹرانزٹ ویزے کی سہولت صرف یو اے ای کی ایئرلائنز سے سفر کرنے والے مسافروں کو حاصل ہوں گی اور اس میں پرواز جبکہ متحدہ عرب امارات میں داخلے سے قبل منظوری حاصل کرنا ضروری ہوگا-