امریکہ: ٹرک الٹنے سے 25 کروڑ شہد کی مکھیاں آزاد، ’ہر طرف بھنبھناہٹ ہے‘

اردو نیوز  |  Jun 01, 2025

امریکہ میں کروڑوں شہد کی مکھیوں کو چھتوں سمیت لے جانے والا تجارتی ٹریلر الٹ گیا جس کے باعث کروڑوں کی تعداد میں مکھیاں آزاد ہو گئیں اور علاقے میں بھنبھناہٹ سنائی دے رہی ہے۔

ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق واقعہ واشنگٹن ریاست کے علاقے بیلنگہم میں صبح چار بجے کے قریب پیش آیا جو کہ کینیڈا کی سرحد کے قریب واقع ہے۔

واقعے کے بعد شیرف آفس کی جانب سے سوشل میڈیا پر پوسٹ کے ذریعے بتایا گیا کہ ٹرک میں تقریباً 25 کروڑ مکھیاں اور 70 ہزار پونڈ (تقریباً 32 ہزار کلوگرام) کے چھتے موجود تھے۔

ایمرجنسی مینیجمنٹ کے ترجمان ایمی کلاؤڈ کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجہ یہ دکھائی دیتی ہے کہ ایک جگہ موڑ مڑتے وقت ڈرائیور رفتار تیز ہونے کی وجہ سے گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور الٹ گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ حادثے میں ڈرائیور محفوظ رہا۔

رپورٹ کے مطابق حادثے کے بعد بڑی تعداد میں مکھیاں ادھر ادھر چلی گئیں تاہم بعدازاں وہ ٹرک کے اردگرد ہی منڈلانا شروع ہوئیں اور ابھی تک وہیں موجود ہیں۔

شیرف آفس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ پبلک سروس کے ملازمین کے علاوہ شہد کے مکھیوں کے ماہرین بھی جائے حادثہ پر پہنچ چکے ہیں اور ٹرک سے باہر گرنے والے اور اندر موجود چھتوں کے ڈبوں کو نکال کر ترتیب سے رکھا جا رہا ہے اور کوشش کی جا رہی ہے کہ مکھیوں کو نقصان نہ پہنچے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد جو مںصوبہ بندی کی گئی ہے اس کے مطابق مکھیوں کو دوبارہ ان کے چھتوں کی طرف جانے دیا جا رہا ہے جبکہ جلد ہی ان کی ملکہ کو بھی تلاش کر لیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ حادثے میں مکھیوں کے متاثر ہونے کا امکان موجود ہے تاہم حکام پوری طرح کوشش کر رہے ہیں جس حد تک ممکن ہو سکے زیادہ سے زیادہ مکھیوں کو بچایا جائے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More