بھارت میں مون سون نے تباہی مچادی ، بڑی تعداد میں ہلاکتوں کی اطلاع

سچ ٹی وی  |  Jun 01, 2025

بھارت کے شمال مشرقی علاقے میں گزشتہ دو روز سے مون سون کی موسلادھار بارشوں کے بعد سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں کم از کم 30 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

غیر ملکی خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق ریاستی ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے عہدیداروں کا کہنا تھا کہ ریاست آسام میں 8 اور اروناچل پردیش میں 9 افراد ہلاک ہوئے جب کہ زیادہ تر ہلاکتیں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ہوئیں۔ حکام کا کہنا تھا کہ ریاست میزورم میں بھی ایک تودہ گرنے سے 5 افراد ہلاک ہو گئے۔ حکام کے مطابق میگھالیہ میں 6 افراد ہلاک ہوئے اور ناگالینڈ، تریپورہ میں کم از کم 2 افراد کی ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے۔

یاد رہے کہ بھارت میں مسلسل 3 دن سے جاری موسلا دھار بارش کے بعد کئی اضلاع میں ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ شدید بارشوں کے نتیجے میں بہنے والے دریاؤں میں برہم پتر ندی بھی شامل ہے، جو ہمالیہ سے نکلتی ہے اور بھارت کے شمال مشرق سے ہوتی ہوئی بنگلہ دیش میں داخل ہوتی ہے۔

بھارتی فوج نے کہا کہ اس نے منی پور ریاست میں ’ایک بڑے امدادی آپریشن‘ کے دوران سیکڑوں افراد کو بچایا ہے جب کہ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے اور انہیں کھانے، پانی اور ضروری ادویات فراہم کی گئی ہیں۔

ریاست میگھالیہ کے وزیر اعلیٰ کونراڈ کے سنگما نے حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہائی الرٹ پر رہیں، خاص طور پر نشیبی علاقوں میں یا پھر جہاں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات زیادہ ہیں۔

خیال رہے کہ بھارت میں ہر سال مون سون کے دوران اچانک سیلابوں اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے درجنوں افراد ہلاک ہوجاتے ہیں۔ جون سے ستمبر تک جاری رہنے والا بھارت کا سالانہ مون سون سیزن شدید گرمی سے نجات اور پانی کے ذخائر کو بھرنے کے لیے انتہائی اہم ہوتا ہے، لیکن یہ ساتھ ہی ساتھ وسیع پیمانے پر تباہی اور ہلاکتیں بھی لاتا ہے۔

واضح رہے کہ بھارتی ریاست کیرالہ کے ساحل پر مون سون کی بارشیں معمول سے 8 دن پہلے شروع ہو گئی تھیں جو گزشتہ 16 سال میں مون سون کا سب سے جلد آغاز ہے، مون سون کے جلد آغاز کے باعث بھارتی شہر شدید بارشوں سے بری طرح متاثر ہوا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More