جیسا کہ ہم سب کے علم میں ہے، عمران خان سیاست میں آنے سے قبل قومی کرکٹ ٹیم میں کپتان کی حیثیت سے کافی مشہور تھے نا صرف کپتان بلکہ کھلاڑی کے طور پر بھی کافی مقبول تھے، اسی وجہ سے انہوں نے غیر ملکی چینلز کو کافی انٹرویوز دئیے۔ حال ہی میں ایک ویڈیو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وائرل ہوئی جس میں عمران خان بھارتی نیوز چینل کے ایک پروگرام میں بطور مہمان موجود ہیں اور بتا رہے ہیں کہ انہیں بالی وڈ سے فلم کی آفر ہو چکی ہے۔
2006 میں عمران خان نے بھارتی چینل کے پروگرام میں شرکت کی اور وہاں موجود لوگوں کے سوالات کے جوابات دئیے۔ اسی میں ایک خاتون کی جانب سے سوال کیا گیا کہ کیا آپ کو کبھی بالی ووڈ میں اداکاری کی آفر ہوئی ہے؟ جس پر انہوں نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ آپ لوگ یقین نہیں کریں گے لیکن مجھے ایک معروف بھارتی اداکار کی جانب سے فلم میں کام کرنے کی پیشکش کی گئی تھی، اس سلسلے میں وہ مجھ سے ملنے انگلینڈ بھی پہنچے جس نے مجھے حیرت میں مبتلا کردیا تھا۔ حاضرین کے، نام جاننے کے اسرار پر انہوں نے بھارتی لیجنڈ اداکار دیو آنند کا نام لیا اور تعریف کرتے ہوئے کہا کہ میں اُن کی بہت عزت کرتا ہوں۔
میزبان نے کہا کہ یہ ایک بہترین موقع تھا کہ آپ اداکاری بھی کر لیتے۔ عمران خان نے جواب دیا کہ میرے لیے یہ ایک عجیب بات تھی کہ ایک کرکٹر، ایک اداکار کیسے بن سکتا ہے؟
انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہیں اسماعیل مرچنٹ نے بھی فلم میں کام کرنے کی پیشکش کی تھی۔
عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ میں نے کبھی اسکول پلے میں اداکاری نہیں کی تو ایک فلم میں اداکاری کیسے کر سکتا ہوں۔ پروگرام کے میزبان نے کہا کہ آپ اداکاری کرتے ہوئے بھی بہت اچھے لگتے جس پر وہ مسکرا دئیے۔