کراچی: ’زلزلے کے دوران‘ ملیر جیل سے 100 سے زیادہ قیدی فرار، 46 گرفتار

اردو نیوز  |  Jun 03, 2025

کراچی کی ملیر جیل سے پیر کو رات گئے 100 سے زیادہ  قیدیوں کے فرار ہونے کی اطلاع  ہے۔ فرار کے دوران قیدیوں اور پولیس اہلکاروں کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔

حکام کے مطابق جھڑپوں کے دوران ایف سی اور جیل کے چار اہلکار زخمی ہوئے۔ اس کے علاوہ ایک قیدی کی ہلاکت اور تین کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔

وزیرداخلہ سندھ ضیا لنجار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’فرار ہونے والے 46 قیدیوں کو دوبارہ گرفتار کیا گیا ہے جبکہ 18سے 20 قیدی لاپتہ ہیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’فرار ہونے والے باقی قیدیوں کو صبح تک دوبارہ پکڑ لیا جائے گا۔ ان کے کوائف موجود ہیں گھروں پر چھاپے مارے جائیں گے۔ کوئی خطرناک قیدی فرار نہیں ہوا۔‘

ضیا لنجار نے مزید بتایا کہ ’زلزلے کے جھٹکوں کے دوران ماڑی گیٹ پر ایک ہزار سے 700 قیدی جمع ہوئے اور گیٹ توڑ کر فرار ہوئے۔ یہ سنجیدہ نوعیت کا واقعہ ہے، اس میں کوتاہی بھی ہو سکتی ہے۔‘

 صوبائی وزیر داخلہ نے رات گئے ملیر جیل کا دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لیا۔ پولیس رینجرز اور ایف سی نے سرچ آپریشن مکمل کرکے جیل کا کنٹرول سنبھال لیا۔

وزیرداخلہ سندھ ضیا لنجار کے مطابق ملیر جیل سے کوئی خطرناک قیدی فرار نہیں ہوا۔ (فوٹو: سکرین گریب)

ڈی آئی جی جیل خانہ جات حسن سہتو کے مطابق ’قیدیوں نے نہ صرف پولیس پر تشدد کیا بلکہ اہلکاروں سے اسلحہ بھی چھین لیا۔ واقعے کے بعد جیل کے اطراف وقفے وقفے سے فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں۔‘

انہوں نے بتایا کہ ’کراچی میں زلزلے کے جھٹکوں کے دوران قیدیوں کی بڑی تعداد بیرکس سے باہر نکلی۔‘

صورتحال کو قابو میں لانے کے لیے پولیس کے ساتھ ساتھ رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ہے اور جیل کے اطراف سرچ آپریشن جاری ہے۔

واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ شہریوں سے جیل کے اطراف جانے سے گریز کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More