ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے سالانہ امتحانات کا نواں روز

ہماری ویب  |  Apr 17, 2015

ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے زیر اہتمام ہونے والے سالانہ امتحانات 2015کے نویں روز صبح کی شفٹ میں انگریزی پرچہ اوّل (جماعت نہم سائنس گروپ)اور دوپہر کی شفٹ میں جنرل گروپ کے علم شہریت ، تاریخ ہندو پاکستان، کمپیوٹر اسٹڈیز ،علم و بدن و حفظان صحت اور غذا اور تغزیہ (صرف طالبات کیلئے ) کے پرچوں کا انعقاد ہوا ۔

چئیرمین بورڈ فصیح الدین خان نے پاکستان اسٹیل کیڈٹ کالج بن قاسم ٹاؤن اور پاکستان اسٹیل شاہ لطیف بوائز سیکنڈری اسکول بن قاسم ٹاؤن کا دورہ کیا جہاں طلباء نہایت پر سکون ماحول میں امتحانی پرچہ جات حل کر رہے تھے ۔اس موقع پر چئیرمین میٹرک بورڈ نے ان امتحانی مراکز میں شفاف امتحانات کے انعقاد پر کہا کہ یہ اچھے ماڈل اور مثالی سینٹرز ہیں اوریہاں پر نقل کا رجحان دیکھنے میں نہیں آیا جبکہ نقل کے خاتمے اور شفاف امتحانات کے انعقاد پر ان اسکولوں کے سینٹر سپرنٹنڈنٹ اور سی سی اوز کی کاوشیں قابل ستائش ہیں انھوں نے مزید کہا کہ دوسرے سینٹرز کے سینٹر سپرنٹنڈنٹ اور سی سی اوز بھی ان امتحانی مراکز کو ماڈل بناتے ہوئے اپنے اپنے امتحانی مراکز پر نقل کی روک تھام اور شفاف امتحانی عمل کو یقینی
بنائیں۔

سیکریٹری بورڈ مسز حور مظہر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ دنیا کا کوئی معاشرہ تعلیم کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا ہمیں طلباء کے مستقبل کو بچانے کیلئے تعلیم دشمن عناصر کے خلاف جدو جہد کرنا ہوگی ،اور اس حوالے سے اساتذہ والدین اور سول سو سائیٹیز بھی اپنا کردا ر ادا کریں ۔

ناظم امتحانات نعمان احسن نے ایک بیان میں کہا کہ رواں سال امتحانات کے انعقاد کی شفافیت کو لازمی بنانے کیلئے میٹرک بورڈ نے ماہرین کی خصوصی خدمات حاصل کیں جس کے تحت ما ہر اساتذہ،ممتحن حضرات اور والدین کے اشتراک سے خصوصی کمیٹیاں تشکیل دی گئیں ہیں جوکہ ا متحانات کے انعقاد میں اپنا بھر پور کردار ادا کر رہی ہیں ۔

دریں اثناء بورڈ کی قائم کردہ اسپیشل ویجیلنس ٹیموں اور سینٹر زکے عہدیداران نے 3طالبات سمیت 5امیدوار وں کو نقل کرتے پکڑا۔

علاوہ ازیں چئیرمین میٹرک بورڈ فصیح الدین خان اور ناظم امتحانات نے میڈیا کی نشاندہی اور نقل مافیا سے روابط کے الزام میں نیو الفیصل ہائی اسکول مظفر آباد کالونی لانڈھی کے سینٹر کو تبدیل کرتے ہوئے الحجاز اکیڈمی نیو مظفر آباد لانڈھی کو سینٹر کا درجہ دینے کا حکم دے دیا ۔
 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More