ثانوی واعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ سکھر نے نویں جماعت کے سالانہ امتحانات 2014ء کے سائنس اور جنرل گروپ کے نتائج کا اعلان کردیا ،چیئرمین تعلیمی بورڈ سکھر سید مجتبیٰ شاہ کے مطابق نویں جماعت کے سائنس اور جنرل گروپ کے امتحانات میں سکھر، گھوٹکی ، خیرپور اور نوشہروفیروز اضلاع کے مجموعی طور پر 54 ہزار 355 طلبہ نے حصہ لیا، سائنس گروپ میں 51 ہزار 189 طلبہ وطالبات جبکہ جنرل گروپ میں 3 ہزار 166 امیدوارشامل ہوئے، سائنس گروپ میں 40 ہزار 593 طلبہ وطالبات نے پانچوں مضامین میں کامیابی حاصل کی جبکہ 5 ہزار 572 امیدواروں نے چار،دو ہزار646 نے تین،923 نے دو،367 نے ایک مضمون میں کامیابی حاصل کی، 101 امیدوار فیل قرار پائے، 987 امیدواروں کے نتائج کاپی کیس کی بنیاد پر روک لئے گئے، جنرل گروپ میں 3 ہزار 166 امیدواروں نے حصہ لیا، 2 ہزار123 نے پانچوں مضامین میں کامیابی حاصل کی، 545 امیدواروں نے چار ،189 امیدواروں نے تین، 66 امیدواروں نے دو،47 امیدواروں نے ایک مضمون میں کامیابی حاصل کی جبکہ سات امیدوار فیل قرار پائے ،189 امیدواروں کے نتائج کاپی کیس کے تحت روک لئے گئے، چیئرمین ثانوی واعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ سکھر سیدمجتبیٰ شاہ کے مطابق تعلیمی بورڈ کی جانب سے نویں، دسویں، گیارہویں، بارہویں جماعت کے امتحانات میں نقل کی روک تھام اور کاپی کلچر کے خاتمے کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے گئے تھے، ہماری کوشش ہے کہ سالانہ امتحانات کے دوران تمام امتحانی مراکز کو مکمل طور پر نقل سے پاک کیا جائے جس کیلئے حکومت سندھ ، انتظامیہ، پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کا تعلیمی بورڈ کے ساتھ بھرپور تعاون شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاپی کلچر کے خاتمے کو یقینی بنانے کیلئے امتحانی مراکز میں تعینات اساتذہ اور دیگر عملے کے ساتھ ساتھ طلبہکے والدین پر بھی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ نقل کی روک تھام کو یقینی بنانے کیلئے تعلیمی بورڈ کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ اس ناسور سے ہمیشہ کیلئے تعلیمی اداروں کو پاک کیا جائے اور اہل وباصلاحیت طلبہ وطالبات کی ہر ممکن حوصلہ افزائی یقینی بنائی جاسکے۔انہوں نے کہا کہ ہر سال تعلیمی بورڈ سکھر کی جانب سے کاپی کلچر کی روک تھام کیلئے سخت سے سخت اقدامات کئے جاتے ہیں۔