Getty Images
مشرق وسطیٰ میں ایران اور امریکہ و اسرائیل کی درمیان جنگ کی وجہ سے آبنائے ہرمز کی بندش کے بعد جہاز رانی کا شعبہ شدید متاثر ہوا ہے۔
آبنائے ہرمز سے آئل ٹینکروں اور کنٹینرز جہازوں کی آمد و رفت کے بند ہونے سے مشرق وسطیٰ سے دنیا کے دوسرے خطوں کے ساتھ ہونے والی بیرونی تجارت اس وقت شدید متاثر ہوئی ہے۔
خلیجی ریاستوں کی بندرگاہوں سے مال بردار جہازوں کی آمدو رفت جہاں متاثر ہوئی ہے تو دوسری جانب پاکستان کی بندرگاہوں پر جہازوں کی آمد و رفت میں کافی اضافہ ریکارڈ کی گیا ہے۔
کراچی پورٹ پر آنے والوں جہازوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پورٹ حکام کے مطابق مارچ کے مہینے میں کراچی پورٹ پر جہازوں کی تعداد گذشتہ مہینوں کے مقابلے میں کافی زیادہ رہی۔
مشرق وسطیٰ میں جنگ کی وجہ سے جہاز کراچی پورٹ کا رخ کیوں اختیار کر رہے ہیں؟ اس سے پہلے کراچی پورٹ پر ان کی تعداد کے اعداد و شمار پر ایک نظر دوڑاتے ہیں۔
Getty Imagesکراچی پورٹ پر جہازوں کی تعداد میں کتنا اضافہ ہوا؟
مشرق وسطیٰ میں جنگ کی وجہ سے کراچی پورٹ پر جہازوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی ) کے ترجمان کی جانب سے بی بی سی کو فراہم کی جانے والی معلومات کے مطابق مارچ 2026 کے دوران کراچی پورٹ پر آنے والے جہازوں کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جب اس کا موازنہ گذشتہ ماہ اور گذشتہ سال کے اسی عرصے سے کیا جائے۔
کے پی ٹی کے مطابق پورٹ پر مختلف اقسام کے جہازوں خاص طور پر کنٹینر شپ اور ٹینکرز کی آمد میں اضافہ ہوا ہے، جو تجارتی سرگرمیوں میں بہتری کی نشاندہی کرتا ہے۔
اسی طرح کارگو کی اقسام میں بھی تنوع دیکھا گیا، جن میں سیمنٹ، کلنکر، چاول، کیمیکلز اور آئل مصنوعات شامل ہیں، جو صنعتی اور تجارتی سرگرمیوں کے تسلسل کو ظاہر کرتے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ کراچی پورٹ پر گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مجموعی طور پر 165,476 میٹرک ٹن کارگو ہینڈل کیا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق اس میں 41,209 میٹرک ٹن برآمدی (ایکسپورٹ) جبکہ 124,267 میٹرک ٹن درآمدی (امپورٹ) کارگو شامل ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ درآمدات کا حجم زیادہ رہا۔
پورٹ حکام کے مطابق اس دوران 7 جہاز کراچی پورٹ پر لنگر انداز ہوئے، جن میں کنٹینر شپ، ٹینکر اور بلک کارگو بردار جہاز شامل تھے، جبکہ 6 جہاز اپنی منزل کی جانب روانہ ہو گئے۔
کارگو کی اقسام میں کنٹینرائزڈ کارگو سب سے نمایاں رہا، جس کی مقدار 110,040 میٹرک ٹن ریکارڈ کی گئی۔ اس کے علاوہ کلنکر، سیمنٹ، چاول، کھاد اور مائع کارگو بھی ہینڈل کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق آئندہ دو روز کے دوران مزید متعدد کنٹینر بردار اور دیگر جہازوں کی آمد متوقع ہے، جس سے پورٹ پر تجارتی سرگرمیوں میں مزید تیزی آنے کا امکان ہے۔
Getty Imagesآبنائے ہرمز کی بندش کے بعد کراچی پورٹ پر جہازوں کی آمد میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ایران جنگ کے دوران آبنائے ہرمز سے ایک پاکستانی جہاز سمیت کون سے 99 جہاز گزرنے میں کامیاب رہے اور کیسے؟پاکستانی آئل ٹینکر ’کراچی‘ نے آبنائے ہرمز سے گزرنے کے لیے لمبا راستہ کیوں چنا؟قطر سے ایل این جی کی درآمد متاثر ہونے سے کیا پاکستان میں گیس کا بحران جنم لے سکتا ہے؟ایران امریکہ کشیدگی اور تیل: اگر آبنائے ہرمز بند ہو جائے تو کیا ہو گا؟کراچی پورٹ پر جہازوں کی تعداد میں اضافے کی کیا وجہ ہے؟
ایران اور امریکہ و اسرائیل جنگ کے بعد آبنائے ہرمز کی بندش کے بعد کراچی پورٹ پر جہازوں کی آمد میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ایک ایسے وقت میں جب خلیجی ریاستوں کے پورٹس پر سرگرمیاں شدید متاثر ہوئی ہیں کراچی پورٹ پر سرگرمیوں میں اضافے کے بارے میں جہازرانی امور کے ماہر عاصم اقبال کا کہنا ہے کہ اس کی سب سے بڑی وجہ خلیجی ریاستوں میں جنگ کی وجہ سےپورٹس آپریشنز کا متاثر ہونا ہے۔
انھوں نے کہا ’جبل علی، ابو ظہبی اور دوسری پورٹس اس وقت شدید متاثر ہیں کیونکہ وہاں سے جہازوں کی آمد و رفت اس وقت مکمل طور پر اس کارگو کے لیے رکی ہے کو آبنائے ہرمز کے ذریعے دنیا کے دوسرے ملکوں میں جاتا ہے یا وہاں سے آتا ہے۔‘
انھوں کے کہا ’آبنائے ہرمز کی وجہ سے ایک تو جہاز اس کا رخ نہیں کر رہے تو دوسری جانب اس سے گزرنے والے کارگو پر وار رسک پریمیم بہت زیادہ بڑھ گیا ہے جس کی وجہ سے شپنگ کمپنیاں کے لیے اب یہاں سے مال لے جانا مالی طور پر قابل عمل نہیں رہا۔‘
عاصم اقبال نے کہا ’اس صورت میں یہ شپنگ کمپنیاں آبنائے ہرمز کے ذریعے جانے والے کارگو کو ٹرانس شپمنٹ کے طور پر دوسرے ملکوں کی بندرگاہوں پر لے جا رہی ہیں۔‘
انھوں نے کہا ’کراچی پورٹ اسی صورت حال میں ایک آئیڈیل پورٹ کے طور پر ابھرا ہے کہ جہاں ٹرانس شپمنٹ کارگو کو اتارا جا سکتا ہے۔‘
انھوں نے کہا ’ایسا کارگو کمپنیاں کچھ وقت کے لیے ٹرانس شپمنٹ کارگو کے طور پر اتارتی ہیں تاکہ اسے بعد میں اس کے مطلوبہ مقام تک پہنچایا جا سکے۔ اور اسی وجہ سے کراچی پورٹ پر جہازوں کی آمد میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔‘
کراچی میں پورٹ قاسم اتھارٹی کے مطابق پورٹ قاسم میں مارچ کے مہینے میں سترہ جہاز لنگر انداز ہوئے جو ہر مہینے میں جہازوں کی اوسط آمد سے کافی زیادہ ہے
Getty Imagesکراچی پورٹ کا انفراسٹرکچر کیا اضافی کارگو ہینڈلنگ کی صلاحیت رکھتا ہے؟
آبنائے ہرمز کی بندش کی وجہ سے ٹرانس شپمنٹ کارگو کی صورت میں کافی جہاز کراچی پورٹ کا رخ کر رہے ہیں جس وجہ سے پورٹس سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے۔
کراچی پر اس وقت مختلف ٹرمینل پر کارگو کی ہینڈلنگ ہوتی ہے۔
بی بی سی کو دستیاب معلومات کے مطابق مختلف ٹرمینلز 50000 کنٹینرز سے زیادہ کی ہینڈلنگ اور سٹوریج کی صلاحیت کے حامل ہیں تاہم جہازوں کی بڑی تعداد کے کراچی پورٹ کی جانب رخ کرنے اور ٹرانس شپمنٹ کارگو کو یہاں اتارنے سے پورٹ انفراسٹرکچر پر دباؤ بڑھ سکتا ہے۔
ماہرین اور حکام نے بتایا کہ کراچی پورٹ پر انفراسٹرکچر بہت بڑی تعداد میں ٹرانس شپمنٹ کارگو کے لیے ناکافی ہے کیونکہ پاکستان کا اپنا روٹین کا کنٹینرز کارگو بھی پہنچ رہا ہے اور اسے بھی ہینڈل کرنا ضروری ہے۔
اس سلسلے میں پورٹ حکام نے بی بی سی کو بتایا کہ ایک اجلاس گذشتہ روز منعقد کیا گیا تاکہ پورٹ پر جہازوں کی آمد میں اضافے اور اس پر لدے کارگو کو ہینڈل کرنے کے لیے اقدامات کو یقینی بنایا جا سکے۔
حکام کے مطابق ’میٹنگ میں میں فیصلہ کیا گیا کہ سٹوریج میں موجود تیس دن سے زائد کارگو کو جلد نکالا جائے تاکہ نئے کارگو کے لیے جگہ بنائی جا سکے ۔ اسی طرح آف ڈاک ٹرمینل میں مال کو بھیجا جائے تاکہ پورٹ پر زیادہ مال کے اترنے سے مسائل پیدا نہ ہوں‘۔
عاصم اقبال نے اس سلسلے میں کہا ’جبل علی اور خلیجی کی ریاستوں کے کارگو کو کراچی پورٹ پوری طرح تو ہینڈل نہیں کر سکتا کیونکہ وہاں جانے والے کارگو کی تعداد بہت زیادہ ہے۔‘
انھوں نے کہا کراچی پورٹ اس کا کچھ فیصد ہی سنبھال سکتا ہے۔
ان کے مطابق ’صرف جہاز سے مال اترنا ہی کافی نہیں کہ اس کے لیے گنجائش بنائی جا سکے۔ جہاں کنٹینر اترتا ہے وہ جگہ گھیرتا ہے اسی طرح اسے دوسری جگہ منتقل کرنے کے لیے کافی ایریا ٹرانسپورٹیشن کے لیے چاہیے تاکہ تمام حفاظتی تدابیر کو بروئے کار لایا جا سکے اور پھر اس کی یارڈ پر منتقلی اور اسے وہاں رکھنے کے بھی کافی بڑا ایریا چاہیے۔‘
عاصم اقبال نے بتایا کہ ’کراچی پورٹ پر بہت زیادہ گنجائش نہ ہونے کی وجہ سے ٹرانس شپمنٹ کارگو پڑوسی ملکوں کی پورٹس کا رخ کر سکتا ہے۔‘
ایران جنگ کے دوران آبنائے ہرمز سے ایک پاکستانی جہاز سمیت کون سے 99 جہاز گزرنے میں کامیاب رہے اور کیسے؟پاکستانی آئل ٹینکر ’کراچی‘ نے آبنائے ہرمز سے گزرنے کے لیے لمبا راستہ کیوں چنا؟قطر سے ایل این جی کی درآمد متاثر ہونے سے کیا پاکستان میں گیس کا بحران جنم لے سکتا ہے؟ایران امریکہ کشیدگی اور تیل: اگر آبنائے ہرمز بند ہو جائے تو کیا ہو گا؟ایران جنگ کے تناظر میں اُبھرتے نئے عالمی نظام کی ایک جھلک، جہاں چند ممالک کو محض ’تفریح کے لیے‘ نشانہ بنایا جا سکتا ہے