اے لیول ریاضی کا پرچہ دوبارہ ’لیک‘ ہونے پر کیمبرج کا امتحان ملتوی کرنے کا اعلان

بی بی سی اردو  |  May 13, 2026

کیمبرج انٹرنیشنل ایجوکیشن نے اے لیول ریاضی کا پرچہ لیک ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ 15 مئی کے امتحان کو ملتوی کیا جا رہا ہے۔

بدھ کو جاری کردہ پیغام میں کیمبرج نے کہا کہ ’ہم اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ کیمبرج انٹرنیشنل اے ایس لیول میتھمیٹکس پیپر 52 (9709)، جو 12 مئی کو ہمارے انتظامی زونز 3 اور 4 میں لیا گیا، اسے سخت ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے قبل از وقت شیئر کر دیا گیا تھا۔

’ہم ایسے واقعات کی فوری اور تفصیلی تحقیقات کرتے ہیں اور اب ہم یہ جاننے کے لیے کام کر رہے ہیں کہ یہ پرچہ کس حد تک لیک ہوا اور آئندہ کے اقدامات کیا ہونے چاہییں۔‘

اس کا یہ بھی کہنا ہے کہ ’پاکستان میں اہم شراکت داروں کے ساتھ مشاورت کے بعد اور اضافی سکیورٹی اور شناختی اقدامات کے طور پر ہم احتیاطی تدبیر کے تحت کیمبرج انٹرنیشنل اے ایس لیول میتھمیٹکس پیپر 32 (9709) کا امتحان، جو پاکستان میں جمعہ 15 مئی کو ہونا تھا، ملتوی کر رہے ہیں۔

’ہم اس کی جگہ ایک نیا امتحانی پرچہ دیں گے اور جون سیریز کے اندر نئی امتحانی تاریخ کا اعلان جمعہ 22 مئی تک کریں گے۔‘

خیال رہے کہ 30 اپریل کو بھی کیمبرج نے تصدیق کی تھی کہ ایڈوانس سبسیڈیری میتھمیٹکس کا امتحانی پرچہ ’ہمارے قواعد کے خلاف وقت سے پہلے شیئر کیا گیا۔‘

اگرچہ اس معاملے پر ادارے کی تحقیقات جاری ہیں تاہم اس معاملے پر شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔ ریاضی کے امتحان سے کچھ گھنٹے قبل پرچہ مبینہ طور پر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کیے جانے کے معاملے نے پاکستان میں کئی طلبہ، اساتذہ اور والدین کو پریشانی میں مبتلا کیا ہے۔

’امتحان سے کچھ گھنٹے قبل پرچہ آن لائن شیئر کیا گیا‘

اپریل کے اواخر میں اے لیول امتحانات کے پارٹ ون میں اے ایس ریاضی کا پرچہ لیک ہونے کی اطلاعات سب سے پہلے سوشل میڈیا پر سامنے آئیں جن میں دعویٰ کیا گیا کہ پرچے کی حل شدہ اور غیر حل شدہ نقلیں آن لائن موجود ہیں۔ بعض لوگوں نے یہ بھی کہا کہ یہ امتحان شروع ہونے سے صرف چند گھنٹے پہلے ہوا ہے۔

پاکستان کے مقامی ذرائع ابلاغ کی خبروں کے مطابق یہ پرچہ منگل کی رات گئے منظرِ عام پر آیا جبکہ دیگر کے مطابق امتحان سے کم از کم چھ گھنٹے پہلے ہی یہ گردش میں تھا۔

صارفین نے نشاندہی کی ہے کہ پرچہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز جیسے ریڈ اِٹ اور واٹس ایپ کے ذریعے مزید پھیلا۔ سب سے پہلے پرچہ کہاں لیک ہوا، بی بی سی اس کی تصدیق کرنے سے قاصر ہے۔

بعض طلبہ نے یہ دعویٰ کیا کہ اسے آن لائن تقسیم کیے جانے سے پہلے انٹرنیٹ پر ہی فروخت کیا جا رہا تھا۔

لاہور کی پنجاب یونیورسٹی میں داخل ہونے کے لیے 30 روپے انٹری فیس کیوں عائد کی گئی؟’گریڈز اس قدر گرائے گئے کہ کوئی میڈیکل کالج داخلہ نہیں دے گا‘موبائل فون اور ٹیبلٹ پر ویڈیوز دیکھنے والے بچوں کی توجہ دیگر کھیلوں کی طرف کیسے مبذول کروائی جائے؟وفاقی اُردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر کا بیان ہراسانی قرار: کیا عمر کے ساتھ ہارمونل تبدیلیاں خواتین کے رویے یا صلاحیتوں پر اثر ڈالتی ہیں؟صارفین کی طرف سے اظہار برہمی

سوشل میڈیا پر نہ صرف متاثرہ طلبہ اور اساتذہ بلکہ والدین بھی اس معاملے پر اپنی تشویش ظاہر کر رہے ہیں۔

ابراہیم جعفری نامی صارف نے کہا کہ ’اندازے کے مطابق پاکستان کے تقریباً 25 ہزار طلبہ نے اے لیولز میتھمیٹکس کے امتحان میں شرکت کے لیے برٹش کونسل کو لگ بھگ 50 ہزار روپے فی امیدوار ادا کیے۔۔۔ تیاری میں صرف کیے گئے لاتعداد گھنٹے اور ایک سال کے دوران ٹیوشن فیس کی مد میں ادا کی گئی لاکھوں روپے کی رقم سب ضائع ہو گئی۔‘

انھوں نے مزید کہا کہ ماضی میں بھی ایسا ہو چکا ہے۔

فیضان نے کہا کہ کئی والدین اور طلبہ کو اس بارے میں اس وقت علم ہوا جب وہ ’اپنے امتحانی مراکز پہنچے۔ اس کے نتیجے میں امتحان کے روز والدین اور طلبہ دونوں کو شدید ذہنی دباؤ کا سامنا کرنا پڑا۔‘

ایک والد نے ایکس پر لکھا ہے کہ ’میرے بیٹے کو اس صورتحال نے خاصا پریشان کر دیا ہے۔ یہ معاملہ تین برسوں سے چلا آ رہا ہے۔ آج اساتذہ نے طلبہ سے کہا کہ وہ کیمبرج میں شکایت درج کرائیں اور اپنے والدین سے بھی ایسا کرنے کو کہیں۔‘

’یہ طلبہ کی اکثریت کے ساتھ نہایت ناانصافی ہے۔ اب یہ سن کر کہ امتحان منسوخ کر دیا گیا ہے، تشویش مزید بڑھ گئی ہے۔‘

امبر نے تبصرہ کیا کہ اس سے ’ایک بچے کی ایک سال کی پوری محنت ضائع ہوئی ہے‘۔ وہ کہتی ہیں کہ ’میتھمیٹکس کے کسی دوسرے ویرینٹ کی بنیاد پر گریڈ دینا یا امتحان دوبارہ ایک مزید مشکل پرچے کے ساتھ منعقد کرنا اُن طلبہ کے ساتھ ناانصافی ہے جنھوں نے بہتر نمبرز حاصل کرنے کے لیے محنت کی تھی۔‘

کئی صارفین نے کیمبرج کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ جیسے ندیم تنولی نے لکھا کہ ’فیسیں تو برطانوی معیار کی لی جاتی ہیں لیکن سروس ڈیلیوری کسی تیسرے درجے کے ادارے سے بھی بدتر ہے۔‘

کیمبرج پاکستان نے کیا کہا؟

13 مئی کے پیغام میں کیمبرج نے کہا ہے کہ ’امتحانی پرچوں کی چوری کا یہ سلسلہ بے مثال ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ یہ ان عناصر کا کام ہے جو امتحانات کو کمزور کرنے اور ان طلبہ کے مستقبل کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں جو ان پر انحصار کرتے ہیں۔

’ہم ذمہ دار افراد کو روکنے اور انھیں سزا دلوانے کے لیے متعدد قانونی راستے اختیار کر رہے ہیں۔‘

پاکستان میں کیمبرج ایجوکیشن کی ڈائریکٹر عظمیٰ یوسف نے کہا ہے کہ ’ہماری ترجیح یہ یقینی بنانا ہے کہ اس واقعے کی وجہ سے طلبہ کو کوئی نقصان نہ پہنچے اور ہم اپنے امتحانات کی ساکھ کے تحفظ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں۔

’ہمارے اگلے اقدامات سے متعلق فیصلے سینئر اور تجربہ کار ماہرین کرتے ہیں جو تمام حقائق سے آگاہ ہیں، اور ہمارے بنیادی اصول یہ ہیں کہ۔ ہم اپنے دیے جانے والے گریڈز کی شفافیت اور بھروسا مندی کو یقینی بنائیں تاکہ جامعات اور دیگر ادارے ان پر اعتماد جاری رکھ سکیں۔‘

اس سے قبل 30 اپریل کو کیمبرج پاکستان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ 'ہم اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ کیمبرج انٹرنیشنل اے ایس لیول میتھمیٹکس کا امتحان 12 (9709) جو افریقہ، یورپ، مشرقِ وسطیٰ، پاکستان اور جنوبی ایشیا کے علاقوں میں لیا گیا، ہمارے ضوابط کے خلاف مقررہ وقت سے پہلے شیئر کیا گیا۔'

اس کا کہنا ہے کہ ’ہم اس نوعیت کے واقعات کی فوری اور مکمل تحقیقات کرتے ہیں اور اب ہم اس بات کو سمجھنے کے لیے کام کر رہے ہیں کہ یہ لیک کس حد تک پھیلی اور اس حوالے آئندہ کے لائحہ عمل کا تعین کیا جائے گا۔‘

’ہماری ترجیح یہ ہے کہ طلبہ اس واقعے کے باعث کسی نقصان کا شکار نہ ہوں اور ہم اپنے امتحانات کی ساکھ کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں۔‘

ان کا کہنا ہے کہ امیدوار ’آئندہ امتحانات دینے کے لیے تیاری جاری رکھیں۔‘

کیمبرج پاکستان کے مطابق اگلے اقدامات سے متعلق ہمارے فیصلے سینیئر اور تجربہ کار پیشہ ور افراد کرتے ہیں جن کے پاس تمام حقائق موجود ہوتے ہیں اور ہمارے اصول یہ ہیں: ان گریڈز کے اعتبار کو یقینی بنانا، جو ہم دیتے ہیں تاکہ جامعات اور گریڈز استعمال کرنے والے دیگر ادارے ان پر اعتماد برقرار رکھ سکیں۔ پرچہ چوری ہونے کے باعث طلبہ کو ہونے والی ذہنی کوفت اور خلل کو کم سے کم کرنا۔‘

اس کا یہ بھی کہنا ہے کہ ’ہم اس طرح کے واقعات کے طلبہ پر اثرات کو نہایت سنجیدگی سے لیتے ہیں۔ ہمیں اس اعتماد کی قدر ہے جو ہم پر 160 ممالک میں ہر سال 20 لاکھ سے زائد امتحانات منصفانہ نتائج کے ساتھ منعقد کرنے کے لیے کیا جاتا ہے۔‘

’امتحان کی ساکھ متاثر ہونا ایک نایاب امر ہے اور جہاں ہمیں بدعنوانی کے شواہد ملتے ہیں وہاں ہم امتحانی مراکز اور طلبہ کے خلاف مناسب کارروائی کرتے ہیں۔‘

کیمبرج پاکستان کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے مزید پیشرفت 7 مئی کو بتائی جائے گی۔

’گریڈز اس قدر گرائے گئے کہ کوئی میڈیکل کالج داخلہ نہیں دے گا‘’امتحانوں سے ڈر نہیں لگتا، کورونا سے ڈر لگتا ہے‘کیا پاکستان کا موجودہ تعلیمی نظام یکساں قومی نصاب کو اپنانے کے لیے تیار ہے؟’مائیتھوس‘ جس کو عالمی رہنما آبنائے ہرمز سے بھی ’بڑا خطرہ‘ سمجھتے ہیںموبائل فون اور ٹیبلٹ پر ویڈیوز دیکھنے والے بچوں کی توجہ دیگر کھیلوں کی طرف کیسے مبذول کروائی جائے؟طالب علموں کا بے ضرر مذاق اور استاد کی ہلاکت
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More