پاکستان کی افغانستان میں کارروائی اور کابل کی ’مناسب وقت پر‘ ردعمل کی دھمکی: ’یہ افغان طالبان کے لیے ایک وارننگ تھی‘

بی بی سی اردو  |  Feb 22, 2026

EPAافغان حکام کا کہنا ہے کہ بہسود میں ایک ہی گھر کے 17 افراد ہلاک ہوئے ہیں

سنیچر اور اتوار کی درمیانی شب پاکستان نے افغانستان کے سرحدی علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور دولتِ اسلامیہ خراسان سے وابستہ شدت پسندوں کے سات ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ افغان طالبان نے اس حملے کو سرحدی حدود کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ ان حملوں میں خواتین اور بچوں سمیت درجنوں افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔

افغان طالبان کی وزارت دفاع نے ننگرہار اور پکتیکا کے ’شہری علاقوں‘ میں پاکستان کی جانب سے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ’مناسب وقت‘ پر ان حملوں کا جواب دیا جائے گا۔

افغانستان کے مشرقی صوبے ننگرہار کے حکام نے بی بی سی پشتو سے بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ضلع بہسود کے علاقے گردی کیچ میں ایک گھر کو نشانہ بنایا گیا، جس میں خواتین اور بچوں سمیت کم از کم 17 افراد ہلاک ہوئے۔

طالبان حکومت کے ننگرہار صوبے کے اطلاعات و ثقافت کی وزارت کے ترجمان عمرو قریشی بدن کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 11 بچے شامل ہیں، جبکہ باقی چھ خواتین اور مرد ہیں۔

EPAننگرہار میں ایک طالبان ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں 11 بچے بھی شامل ہیں

افغانستان کے صوبہ پکتیکا میں طالبان حکومت کے ایک ذریعے نے بی بی سی دری کو بتایا کہ سنیچر کی شب مقامی وقت کے مطابق رات ساڑھے گیارہ بجے کے قریب ضلع برمل میں فضائی حملے میں ایک مدرسے کو نشانہ بنایا گیا، جس سے مدرسے کی عمارت کے کچھ حصوں کو نقصان پہنچا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ رمضان کے باعث مدرسہ بند ہونے کی وجہ سے اس حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

بی بی سی دری کو حاصل ہونے والی ویڈیوز اور سوشل میڈیا پر شائع ہونے والی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مدرسے کی عمارت کا ایک حصہ تباہ ہو گیا ہے جبکہ وہاں موجود کتابوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد کا کہنا ہے کہ اس کی جانب سے ’ٹھوس شواہد‘ کی بنیاد پر کارروائی کی گئی ہے۔

پاکستان کی وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’پاکستان میں حالیہ خودکش دھماکوں کے واقعات کے بعد، جن میں اسلام آباد کی امام بارگاہ، باجوڑ اور بنوں میں ایک ایک حملہ اور سنیچر کے روز بنوں میں ایک اور واقعہ شامل ہے، پاکستان کے پاس ٹھوس شواہد موجود ہیں کہ یہ دہشت گرد کارروائیاں شدت پسند افغانستان میں موجود اپنی قیادت اور سرپرستوں کے ایما پر انجام دے رہے ہیں۔‘

واضح رہے کہ سنیچر کے روز بنوں میں ایک خود کش حملے میں پاکستانی فوج کے لیفٹیننٹ کرنل اور ایک سپاہی ہلاک ہوئے تھے۔ اسی ماہ چھ فروری کو اسلام آباد کے علاقے ترلائی کی امام بارگاہ میں نماز جمعہ کے دوران ہونے والے خودکش دھماکے میں کم از کم 32 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

’مناسب وقت‘ پر ان حملوں کا جواب دیا جائے گا: افغانستان

افغان وزارتِ دفاع کے ترجمان عنایت اللہ خوارزمی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر جاری ایک بیان میں پاکستان کی جانب سے فضائی حملوں کو ’افغانستان کی قومی خودمختاری کی خلاف ورزی‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان اس عمل کو بین الاقوامی قوانین، اچھے ہمسائیگی کے اصولوں اور اسلامی اقدار کی صریح خلاف ورزی سمجھتا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ’وزارت قومی دفاع ملک کی خودمختاری اور عوام کی سلامتی کے تحفظ کو اپنی جائز اور قومی ذمہ داری سمجھتی ہے اور مناسب وقت پر بھرپور جواب دیا جائے گا۔‘

افغانستان میں طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کے ایکس اکاؤنٹ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 'گذشتہ رات انھوں نے صوبہ ننگرہار اور پکتیکا میں ہمارے بے گناہ شہریوں پر بمباری کی، جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت درجنوں افراد ہلاک اور زخمی ہوگئے۔'

ان کا مزید کہنا ہے کہ ’پاکستانی جرنیل ایسے ہی مجرمانہ اقدامات کے ذریعے اپنے ملک میں سکیورٹی کی ناکامیوں کی تلافی کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘

جہاں پاکستان افغان طالبان پر ٹی ٹی پی کی پشت پناہی کرنے کا الزام کرتا ہے وہیں افغانستان میں برسراقتدار طالبان حکام اِن الزامات کی تردید کرتے ہیں۔

پاکستانی حکومت گذشتہ کچھ عرصے سے تسلسل سے یہ الزام عائد کرتی آئی ہے کہ ملک میں شدت پسندی کی بڑی کارروائیوں میں ملوث کالعدم ٹی ٹی پی کو افغانستان میں موجود طالبان حکومت کی حمایت حاصل ہے۔

گذشتہ برس ٹی ٹی پی کی کارروائیوں کے سبب پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان متعدد سرحدی جھڑپیں دیکھنے میں آئی تھیں جس کے بعد قطر اور ترکی کی کوششوں سے دونوں ممالک میں جنگ بندی ممکن ہوئی تھی۔

’پاکستانی سکیورٹی ادارے اپنی کمزوری چھپانے کے لیے افغانستان پر الزامات عائد کرتے ہیں‘: افغان وزیرِ دفاع کا اسلام آباد کو تعاون بڑھانے کا مشورہ’پہلے جھڑپیں ہوتی تھیں، اب باقاعدہ جنگ جیسی صورتحال ہے‘: پاکستان اور افغانستان کے درمیان تناؤ کیا رُخ اختیار کر سکتا ہے؟ٹی ٹی پی کے میڈیا چینلز پر خاموشی: تحریکِ لبیک پاکستان فورس سمیت پاکستان میں حالیہ حملوں کی ذمہ داری قبول کرنے والے نئے گروہ کیا ہیں؟ڈیرہ اسماعیل خان میں شادی کی تقریب کے دوران خودکش حملے میں ہلاک ہونے والے وحید ’جگری‘ محسود کون تھے؟’یہ افغان طالبان کے لیے وارننگ تھی‘

پاکستان اور افغانستان پر گہری نظر رکھنے والے ماہرین سمجھتے ہیں کہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی مزید بڑھنے کے امکانات بھی موجود ہیں۔

افغانستان کے لیے پاکستان کے سابق خصوصی نمائندے آصف درانی نے بی بی سی نیوز اردو کے اعظم خان کوبتایا کہ جو ہوا یہ ہونا ہی تھا۔

ان کے مطابق ’پاکستان میں ایک تسلسل سے دہشتگردی کے واقعات ہوئے، جن میں بڑی اموات ہوئیں اور اب جو افغانستان میں حملے ہوئے یہ افغان طالبان کے لیے ایک وارننگ تھی۔‘

آصف درانی کے مطابق ’یہ ایک محتاط مگر واضح پیغام ہے کہ سرحد پار پناہ گاہوں کو مزید برداشت نہیں کیا جائے گا۔‘

’ان اقدامات سے اسلام آباد کی یہ توقع واضح ہوتی ہے کہ طالبان حکام کو تردیدوں سے آگے بڑھ کر ایک ذمہ دار حکومت کا کردار ادا کرنا ہوگا اور اپنی سرزمین کو ہمسایہ ممالک کے خلاف استعمال ہونے سے روکنا ہوگا۔‘

آصف درانی کا کہنا ہے کہ بدقسمتی سے افغان طالبان ایک ریاست کے بجائے شدت پسند گروپ کی طرح روش اختیار کیے ہوئے ہیں۔ انھوں نے الزام عائد کیا کہ پاکستان میں ہونے والے تمام حملوں میں افغان شہری ہی ملوث نکلتے ہیں، جو کہ عام بات نہیں ہے اور نہ وہ عام شہری ہو سکتے ہیں۔

ان کی رائے میں اس وقت افغان طالبان بندوق کے ذریعے حکومت کر رہے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اگر کالعدم ٹی ٹی پی طالبان کے کنٹرول میں نہیں ہے تو یہ خود افغان طالبان کے لیے بھی زیادہ خطرناک بات ہے۔ تاہم ان کی رائے میں اس گروپ نے ہیبت اللہ اخوند کے ہاتھ پر بیعت کر رکھی ہے اور وہ افغان طالبان سے باہر نہیں ہیں۔

Getty Imagesپاکستان کا کہنا ہے کہ اس نے کارروائیوں میں ٹی ٹی پی اور دیگر گروہوں کے شدت پسندوں کو نشانہ بنایا ہے

کابل یونیورسٹی کے پروفیسر فیض زالند نے بی بی سی کو بتایا کہ کچھ عرصے سے پاکستان اور افغانستان طالبان کے درمیان تعلقات ناقابل یقین حد تک خراب ہو چکے ہیں۔ ان کے مطابق دو دہائیوں سے بھی زائد عرصے تک پاکستان ایک دوست ملک کے طور پر طالبان کا حمایتی رہا اور مدد فراہم کرتا رہا مگر اب صورتحال یکسر مختلف ہو چکی ہے۔

ان کے مطابق جب افغان طالبان اقتدار میں آئے تھے تو ٹی ٹی پی پر ان کا کنٹرول ضرور تھا مگر پھر جب انھیں لگا کہ پاکستان کی طرف سے ان کے ساتھ وہ تعاون نہیں کیا جا رہا ہے جس کی وہ امید رکھتے تھے تو پھر انھوں نے اس پالیسی پر نظرِثانی شروع کر دی۔

تاہم وہ یہ سمجھتے ہیں کہ اب ٹی ٹی پی افغان طالبان کے کنٹرول سے باہر نکل چکی ہے۔

افغانستان کے ردعمل پر فیض زالند کا کہنا تھا کہ پاکستان کو طالبان اور ٹی ٹی پی جیسے گروہوں کی صلاحیت کے بارے میں خوب معلوم ہے کہ وہ کیا کر سکتے ہیں کیونکہ پاکستان کی طالبان کے ساتھ کشیدگی کی تاریخ مختصر جبکہ تعاون اور دوستی کی داستان زیادہ طویل ہے۔

ایک اور افغان تجزیہ کار نے کہا کہ اس زہر کا تریاق بھی پاکستان کے پاس ہے مگر اب وہ نو آبادیاتی دور کی طرح پڑوسی ملک پر حملے کر رہا ہے۔

Reutersسابق افغان صدر حامد کرزئی نے پاکستان کو اپنی پالیسی پر غور کرنے کا مشورہ دیا ہےپاکستان اس صورتحال سے کیسے نمٹ سکتا ہے؟

افغانستان کے سابق صدر حامد کرزئی نے پاکستان پر زور دیا کہ وہ ’افغانستان کے حوالے سے اپنی پالیسیوں پر نظرِ ثانی کرے اور اچھے ہمسایہ تعلقات اور مہذب رویہ اپنائے۔‘

افغانستان کی کونسل برائے قومی مفاہمت کے سابق سربراہ عبداللہ عبداللہ کا کہنا ہے کہ ’گذشتہ رات پاکستان کے افغان سرزمین پر حملے باعثِ تشویش ہیں اور ہم ان کی سخت مذمت کرتے ہیں۔‘

انھوں نے ایکس پر لکھا کہ ’ایسے اقدامات افغانستان کی قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے خلاف ہیں اور یہ عدم استحکام اور بحران کو بڑھا دیں گے۔‘

عبداللہ عبداللہ نے مزید کہا کہ ’بمباری، شہریوں کو نشانہ بنانا اور تشدد کوئی حل نہیں ہے، دونوں ممالک کے درمیان مسائل کو حل کرنے کا بہترین طریقہ بات چیت اور مذاکرات کا رستہ ہے۔‘

سابق پاکستانی سفیر آصف درانی کی رائے میں پاکستانی فیصلہ سازوں کو عوام کو اپنے ساتھ ملانا ہوگا کیونکہ عوام کے اعتماد کے ساتھ ہی ایسے عناصر کا صفایا ممکن بنایا جا سکتا ہے۔

آصف درانی کے مطابق ’اگر قابلِ اعتبار کارروائی سامنے نہ آئی تو پاکستان کو مجبوراً افغان سرزمین سے سرگرم دہشت گرد نیٹ ورکس کے خلاف مزید سخت جوابی اقدامات اختیار کرنے پڑ سکتے ہیں۔۔ اگرچہ دیرپا علاقائی استحکام بالآخر تعاون پر منحصر ہے، نہ کہ کشیدگی پر۔‘

تاہم فیض زالند کی رائے میں پاکستان نے بارڈر مینجمنٹ سے متعلق کچھ اقدامات اٹھائے ہیں اور اب مزید اس طرف توجہ دینا ہوگی۔ ان کے مطابق پشتون قبائل کے ذریعے بھی پاکستان شدت پسند گروہوں کے چیلنج سے نمٹ سکتا ہے۔ افغان تجزیہ کار کے مطابق پاکستان کو سفارتکاری کے ذریعے بھی آگے بڑھنا ہوگا اور دستیاب تمام علاقائی پلیٹ فارمز کو متحرک کرنا ہوگا۔

’پہلے جھڑپیں ہوتی تھیں، اب باقاعدہ جنگ جیسی صورتحال ہے‘: پاکستان اور افغانستان کے درمیان تناؤ کیا رُخ اختیار کر سکتا ہے؟’پاکستانی سکیورٹی ادارے اپنی کمزوری چھپانے کے لیے افغانستان پر الزامات عائد کرتے ہیں‘: افغان وزیرِ دفاع کا اسلام آباد کو تعاون بڑھانے کا مشورہاسلام آباد کی امام بارگاہ میں دھماکے سے 32 ہلاکتیں: ’پہلی رکعت پڑھ کر نمازی سجدے میں گئے تو زوردار دھماکہ ہوا‘ڈیرہ اسماعیل خان میں شادی کی تقریب کے دوران خودکش حملے میں ہلاک ہونے والے وحید ’جگری‘ محسود کون تھے؟ٹی ٹی پی کے میڈیا چینلز پر خاموشی: تحریکِ لبیک پاکستان فورس سمیت پاکستان میں حالیہ حملوں کی ذمہ داری قبول کرنے والے نئے گروہ کیا ہیں؟
مزید خبریں

تازہ ترین خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More