بلوچستان کے ضلع کیچ میں تین روزہ کیچ کلچرل فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا، فیسٹیول کے آخری روز 54 لاکھ روپے کی کتابیں فروخت ہوئیں۔
اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کی بشیر بڑیچ نے کہا کہ جہاں ہماری یہ کوشش کامیابی سے ہمکنار ہوئی وہاں لوگوں نے اس میں شرکت کر کے اس کو کامیاب بنایا۔ انہوں نے کہا کہ اس فیسٹیول کی خاص بات یہ رہی کہ ہمارے کتابوں کے اسٹالوں سے تیسرے روز دوپہر تک 54 لاکھ روپے کی کتابیں فروخت ہوئیں جو گذشتہ فیسٹیول جس میں 35 لاکھ کی کتابیں فروخت ہوئی تھیں اس سے زیادہ ہے۔
فسیٹیول میں علاقے کی ثقافت اور تاریخ کو اجاگر کرنے کے لیے مختلف قسم کے اسٹالز بھی لگائے گئے تھے، اختتامی تقریب میں ادیب، دانشور، سیاسی وسماجی رہنماؤں اساتذہ اور دیگر مکتبہ فکر کے لوگوں نے شرکت کی، تقریب کے میزبانی کے فرائض ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ نے انجام دیئے، تقریب کا آغاز ڈاکٹر پرویز ہود بھائی، ڈاکٹر مالک بلوچ اور دیگر نے کیا۔
قبل ازیں ڈاکٹرمالک بلوچ نے تقریب کے افتتاح کے موقع پر کہا تھا کہ یہ تہوار ہماری تہذیب، موسیقی اور قدیم روایات کو زندہ رکھنے کی کوشش ہے۔