وزیراعظم شہباز شریف دو ہفتے کے طویل اور کامیاب غیر ملکی دورے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے۔ وزیراعظم نے سعودی عرب، امریکا اور برطانیہ کا دورہ کیا جس میں اہم سفارتی و سکیورٹی معاہدے طے پائے۔
وزیراعظم نے سعودی عرب کے ساتھ تاریخی سکیورٹی معاہدہ ریاض میں کیا جس کے بعد وہ نیویارک روانہ ہوئے جہاں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں مسئلہ کشمیر اور فلسطین کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا۔ اپنے دورہ امریکا کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بھی ملاقات کی جس میں فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر بھی شریک تھے۔
دورے کے دوران وزیراعظم نے عرب اور مسلم ممالک کے رہنماؤں کے ساتھ غزہ امن معاہدے پر بھی اتفاق کیا جبکہ برطانیہ میں قیام کے دوران اعلیٰ سطح کی ملاقاتیں کیں۔
وزیراعظم کی وطن واپسی پر نور خان ایئر بیس پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر سردار ایاز صادق اور محسن نقوی نے وزیراعظم کو کامیاب غیر ملکی دورے پر مبارکباد دی۔ چیف کمشنر اسلام آباد اور آئی جی اسلام آباد پولیس بھی ائیر بیس پر موجود تھے۔