حکومت نے سروائیکل کینسر سے بچاؤ کی آگاہی مہم کے خلاف سوشل میڈیا پر گمراہ کن پروپیگنڈہ کرنے والے اکاؤنٹس کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع کے مطابق متعلقہ اداروں نے متعدد ایسے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی نشاندہی کی ہے جو مہم کے بارے میں غلط معلومات پھیلا کر عوام کو گمراہ کر رہے تھے۔ ان اکاؤنٹس کو فوری طور پر بلاک کرنے اور مہم کو سبوتاژ کرنے والے عناصر کے خلاف مقدمات درج کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ سروائیکل کینسر ایک خطرناک مرض ہے جس سے بچاؤ کے لیے ویکسینیشن اور آگاہی مہم نہایت ضروری ہے۔ اس حوالے سے جھوٹی اور منفی مہم نہ صرف عوامی صحت کے لیے خطرناک ہے بلکہ معاشرتی طور پر بھی نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ ایسے عناصر کے خلاف سائبر کرائم قوانین کے تحت کارروائی کی جائے گی تاکہ مستقبل میں کوئی بھی گروہ عوامی صحت کے منصوبوں کو متنازع نہ بنا سکے۔