لاہور کی اے ٹی سی کا تفصیلی فیصلہ: 9 مئی کیس میں اہم رہنماؤں کو قید و جرمانے

ہماری ویب  |  Sep 13, 2025

لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 9 مئی 2023 کو سپریم کورٹ کے جج کے اسکواڈ کی گاڑی جلانے کے مقدمے کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا ہے۔ جج منظر علی گل کی جانب سے سنایا گیا یہ فیصلہ 125 صفحات پر مشتمل ہے جس میں کئی اہم نکات شامل ہیں۔

فیصلے کے مطابق عدالت نے صنم جاوید، محمد صدیق، طیب علی، سید فیصل اختر اور ظریف خان کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں، جبکہ سزا سنائے جانے کے دن پیش نہ ہونے پر خدیجہ شاہ سمیت 14 افراد کی فوری گرفتاری کا حکم بھی دیا گیا ہے۔

اسی روز کے ایک اور مقدمے میں عدالت نے ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، میاں محمود الرشید اور اعجاز چوہدری سمیت مختلف رہنماؤں کو مجموعی طور پر 48 برس قید کی سزا سنائی۔ ہر ایک کو 10، 10 سال قید کی سزائیں سنائی گئیں جو ایک ساتھ کاٹی جائیں گی، جبکہ مجرمان کو ڈیڑھ لاکھ روپے جرمانہ بھی ادا کرنا ہوگا۔

فیصلے میں شاہ محمود قریشی کو مقدمے سے بری قرار دیا گیا ہے۔ عدالت نے قرار دیا کہ ان کا کیس دیگر ملزمان سے مختلف ہے، کیونکہ انہوں نے یہ ثابت کر دیا کہ وقوعے کے وقت وہ موجود نہیں تھے۔ فیصلے میں یہ بھی لکھا گیا کہ 9 مئی کو شاہ محمود ملتان سے کراچی گئے تھے جس کے شواہد پیش کیے گئے۔

تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری کے بعد کارکنان کو سوشل میڈیا کے ذریعے احتجاج پر اکسایا گیا۔ عدالت کے مطابق ڈاکٹر یاسمین راشد اور دیگر ملزمان نے اپنے مقاصد حاصل کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کیں۔ فیصلے میں اس بات کا بھی ذکر کیا گیا کہ پی ٹی آئی کارکنان عمران خان کو ایک ریڈ لائن اور روحانی شخصیت کے طور پر دیکھتے ہیں اور ان کے احکامات کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں۔

یاد رہے کہ حالیہ فیصلے میں عدالت نے شاہ محمود قریشی سمیت 21 افراد کو بری کر دیا تھا جبکہ ڈاکٹر یاسمین راشد اور عمر سرفراز چیمہ سمیت 18 افراد کو مختلف سزاؤں کا حکم سنایا گیا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More