دہشتگردوں کے خلاف ریاست پوری طاقت سے کارروائی کرے گی، وزیراعلیٰ بلوچستان

ہماری ویب  |  Sep 10, 2025

وزیرِاعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے صوبائی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسداد دہشتگردی کے قوانین کسی بے گناہ کے خلاف استعمال نہیں ہوں گے، تاہم دہشتگردی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے تدارک کے لیے خصوصی قوانین ناگزیر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گوادر میں مزدوروں کا بے دردی سے قتل انتہائی افسوسناک واقعہ ہے، ایسے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ دنیا میں کئی ممالک نے دہشتگردی کے واقعات کے بعد فوری قوانین میں تبدیلی کی، فرانس میں ایک ہی دن میں قانون تبدیل کیا گیا، لیکن ہمارے ہاں 8 اگست 2016 کو وکلاء کے قتل عام کے باوجود گرفتار ماسٹر مائنڈ کا بروقت ٹرائل تک نہ ہوسکا۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے نتیجے میں لاشیں اٹھانے والوں کا دکھ ناقابلِ بیان ہے، لیکن دہشتگردوں کے خلاف گواہی دینے کے لیے کوئی تیار نہیں ہوتا۔ اس کے باوجود حکومت نے تہیہ کر لیا ہے کہ کسی صورت دہشتگردوں کے سامنے جھکا نہیں جائے گا۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں دہشتگردی اور بدامنی میں ملوث عناصر ریاست سے نہیں بچ سکتے، اور میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ ریاست اپنی پوری طاقت کے ساتھ ان کی سرکوبی کرے گی۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ جو شخص گرفتار ہوگا اس کے اہلخانہ کو اسی وقت اطلاع دی جائے گی، لاپتہ افراد کا مسئلہ ہمیشہ کے لیے ختم کریں گے ہم سب دہشتگردی کا شکار ہیں، کیا ہم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں لیڈ نہ لیں؟ پارلیمنٹ کی لیڈ کے بغیر ہم جنگ نہیں جیت سکتے۔ ہمارا منشور دہشتگردی کو روکنا ہے ہم دہشتگردوں کے سامنے کبھی نہیں جھکیں گے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More