اسلام آباد کی مقامی عدالت نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔ جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی نے شراب اور اسلحہ برآمدگی کیس کی سماعت کے دوران یہ حکم دیا۔
عدالتی ریکارڈ کے مطابق کیس کی سماعت کے دوران علی امین گنڈا پور عدالت میں پیش نہیں ہوئے جس پر عدالت نے ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے پولیس کو ہدایت کی کہ وزیر اعلیٰ کو گرفتار کرکے 17 ستمبر کو عدالت میں پیش کیا جائے۔
واضح رہے کہ علی امین گنڈا پور کے خلاف اسلام آباد کے تھانہ بارہ کہو میں شراب اور اسلحہ برآمدگی کے الزامات کے تحت مقدمہ درج ہے۔ عدالت نے پولیس کو حکم دیا ہے کہ مقررہ تاریخ پر ملزم کو عدالت پیش کیا جائے تاکہ کیس کی کارروائی کو آگے بڑھایا جا سکے۔