حکومت خیبر پختونخوا نے صوبائی کابینہ اجلاس کو پیپر لیس بناتے ہوئے مکمل طور پر آن لائن کر دیا ہے لیکن نئے نظام کے ابتدا میں ہی متعدد مشکلات سامنے آ گئی ہیں۔
حالیہ اجلاس میں کابینہ ارکان اور انتظامی سیکرٹریز نے شکوہ کیا کہ اجلاس کی اطلاع انہیں صرف ایک روز قبل دی جاتی ہے اور جن نکات پر بحث ہونی ہوتی ہے ان کے صرف نام فراہم کیے جاتے ہیں اور تفصیلی دستاویز نہیں دی جاتی جس کی وجہ سے اجلاس کے لیے تیاری مشکل ہو جاتی ہے۔
ممبران نے یہ بھی شکایت کی کہ اب تک انہیں درکار آلات فراہم نہیں کیے گئے جس کی وجہ سے اجلاس کے دوران مسائل پیش آتے ہیں مزید برآں کہ اس نئے نظام کے استعمال سے متعلق تربیت بھی نہیں دی گئی۔
وزیر اعلیٰ نے اجلاس میں ان مسائل پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ خزانہ کو ہدایت دی کہ تمام ممبران کو فوری طور پر ضروری آلات فراہم کیے جائیں اور آئندہ اجلاس سے قبل مکمل ایجنڈا اور منسلک دستاویزات وقت پر فراہم کی جائیں تاکہ مشکلات نا ہوں۔
واضح رہے کہ پیپر لیس گورنمنٹ کا منصوبہ محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی زیر نگرانی ہے اور ایک خصوصی آئی ٹی بورڈ کے ذریعے اس پر کام کیا جا رہا ہے لیکن کابینہ کے ای امور فی الوقت محکمہ خزانہ کے ایک خصوصی سیل کے سپرد ہیں جس کے باعث مسائل ہو رہے ہیں۔