پنجاب میں شدید بارشوں اور دریاؤں میں پانی کے اضافے کے باعث کرتارپور کا علاقہ زیرِ آب آگیا۔ سیلابی ریلے گھروں اور کھیتوں میں داخل ہوگئے۔
حکام کے مطابق دریاؤں کے کنارے آباد لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے اور شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ دریاؤں کے کناروں سے دور رہیں تاکہ کسی بڑے حادثے سے بچا جا سکے۔
دوسری جانب بھارتی ہائی کمیشن سے موصول معلومات کی بنیاد پر انڈس واٹر کمشنر نے فلڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ الرٹ کے مطابق دریائے ستلج میں ہیڈ ہریکے زیریں اور فیروزپور زیریں میں اونچے درجے کے سیلاب آنے کا خدشہ ہے۔ اسی طرح دریائے راوی میں مادھوپور زیریں اور دریائے چناب میں اکھنور کے مقام پر بھی اونچے درجے کا سیلاب آسکتا ہے۔
ریسکیو اور مقامی انتظامیہ نے متاثرہ علاقوں میں اقدامات تیز کرتے ہوئے عوام کو محتاط رہنے کی اپیل کی ہے۔