خیبرپختونخوا میں ناقص نکاسی آب پر 663 ہوٹلوں کو نوٹس، 25 سیل

ہماری ویب  |  Aug 06, 2025

خیبرپختونخوا میں سیاحتی مقامات پر ماحولیاتی تحفظ کے لیے اہم پیش رفت، محکمہ سیاحت نے ناقص اور غیر قانونی نکاسی آب پر 663 ہوٹلوں کو نوٹس جاری کر دیے جبکہ 25 ہوٹل سیل اور 15 پر جرمانے عائد کر دیے گئے ہیں۔

یہ کارروائیاں چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا سید شہاب علی شاہ کی ہدایات پر گڈ گورننس روڈ میپ کے تحت کی جا رہی ہیں جن کا مقصد سیاحت کے فروغ کے ساتھ ساتھ قدرتی آبی وسائل کا تحفظ اور ماحولیاتی آلودگی کی روک تھام ہے۔

محکمہ سیاحت کے مطابق ہزارہ اور ملاکنڈ ڈویژن کے معروف سیاحتی مقامات گلیات، کاغان، ناران، سوات، کمراٹ اور چترال میں اب تک 1192 ہوٹلوں کا معائنہ کیا جا چکا ہے۔ جن میں 663 ہوٹلوں کو نوٹسز جاری کئے گئے جبکہ 25 ہوٹلوں کو سیل کیا گیا اور 15 ہوٹلوں پر جرمانہ عائد کیا جا چکا ہے۔

ہزارہ ڈویژن میں 731 ہوٹلوں کا معائنہ کیا گیا ہے جن میں ناقص نکاسی آب کا نظام، غیر قانونی نکاسی آب اوورفلو، علیحدہ ٹینک اور حکومتی قواعد و ضوابط کے مطابق سیوریج سسٹم نہ ہونے پر356 ہوٹلوں کو نوٹسز جاری کیے گئے اور 15 ہوٹلوں کو سیل کر دیا گیا ہے جبکہ 7 ہوٹلوں پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

اسی طرح ملاکنڈ ڈویژن میں کمراٹ، اپر سوات اور چترال کے وادی کیلاش میں 461 ہوٹلوں کا معائنہ کیا گیا اور ناقص نکاسی آب کا نظام ، غیر قانونی نکاسی آب اور اوورفلو و حکومتی قواعد وضوابط کے مطابق سیوریج سسٹم نہ ہونے پر 307 ہوٹلوں کو نوٹسز جاری کر دیے گئے ہیں اور 10 ہوٹلوں کو سیل کیا گیا جبکہ 8 ہوٹلوں پر جرمانہ عائد کیا گیا

محکمہ سیاحت نے واضح کیا ہے کہ کسی ادارے کو رعایت نہیں دی جائے گی اور بلاامتیاز کارروائی کا سلسلہ جاری رہے گا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More