ایشیا کپ ٹی20 کے میچز دبئی اور ابوظبی میں، پاکستان اور انڈیا اگلے مہینے مدمقابل ہوں گے

اردو نیوز  |  Aug 04, 2025

ایشا کپ ٹی20 کے میچز کی میزبانی متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی اور ابوظبی کریں گے۔

خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل نے ٹورنامنٹ کے شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ روایتی حریفوں انڈیا اور پاکستان کا مقابلہ 14 ستمبر کو دبئی میں ہوگا۔

تعلقات میں کشیدگی کے باعث طویل عرصے سے پاکستان اور انڈیا کی کرکٹ ٹیموں کے میچز متحدہ عرب امارات کی سرزمین پر کھیلے جاتے ہیں۔

ایشیا کپ ٹی20 کے شیڈول کے مطابق متحدہ عرب امارات کے دو شہروں کے سٹیڈیمز میں تمام میچز کھیلے جائیں گے۔ ٹورنامنٹ کا آغاز 9 ستمبر کو ابوظبی میں ہوگا جبکہ فائنل میچ 28 ستمبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔

ایشیا کپ ٹی20 میں کُل آٹھ ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔ اس ٹورنامنٹ کے گزشتہ ایڈیشن میں چھ ٹیموں نے حصہ لیا تھا۔

ٹورنامنٹ کے 11 میچز دبئی جبکہ آٹھ ابوظبی میں کھیلے جائیں گے۔

پہلا میچ افغانستان اور ہانگ کانگ کی ٹیموں کے درمیان ہوگا۔

ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی نے میڈیا کو جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’متحدہ عرب امارات میں ٹورنامنٹ کی میزبانی سے دنیائے کرکٹ کے ایک بہت ہی پُرجوش کراؤڈ اور کرکٹ کے مرکز میں آنا ہے۔‘

اُن کا کہنا تھا کہ ’دبئی اور ابوظہبی کرکٹ کے کھلاڑیوں، شائقین اور براڈکاسٹروں کو یکساں اور عالمی معیار کا تجربہ فراہم کرنے کے لیے اچھی طرح سے لیس ہیں۔‘

گروپ اے میں دفاعی چیمپئن انڈیا، پاکستان، متحدہ عرب امارات اور اومان شامل ہیں جبکہ گروپ بی میں بنگلہ دیش، سری لنکا، افغانستان اور ہانگ کانگ شامل ہیں۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More