امریکا کی جانب سے پاکستان کو درآمدی ٹیرف میں خصوصی رعایت ملنے کے اثرات جمعہ کو پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں نمایاں طور پر نظر آئے۔
سرمایہ کاروں کی جانب سے مختلف برآمدی شعبوں کے شیئرز میںبڑے پیمانے پرخریداری کی گئی جس کے نتیجے میں زبردست تیزی کا رجحان دن بھر قائم رہا اور کے ایس ای 100 انڈیکس ایک لاکھ 41ہزار کی نفسیاتی حد کو عبور کرگیا جو ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ کئی ہفتوں سے پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں تیزی کا رجحان غالب ہے لیکن ایک لاکھ 40 ہزار پوائنٹس کی سطح پر مارکیٹ میں مزاحمت دیکھی جارہی تھی پھر اسٹیٹ بینک کی جانب سے شرح سود برقرار رکھنے کے فیصلے کے بعد بھی سرمایہ کار محتاط ہوگئے تھے تاہم جمعہ کو پاک امریکا تجارتی ڈیل کے حوالے سے صورتحال واضح ہونے پر سرمایہ کارمتحرک ہوگئے اور جہاں ایک لاکھ 40 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور نہیں ہو پارہی تھی ایک لاکھ 41 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد بھی عبور ہوگئی۔
امریکا کی جانب پاکستان کے لیے 19 فیصد ٹیرف کا اعلان ہونے کے بعد جو اشیا سب سے زیادہ امریکا برآمد ہوتی ہیں اس کے شیئرز میں سب سے زیادہ خریداری دیکھنے میں آئی۔ اسٹاک ماہرین کے مطابق ٹیکسٹائل، لیدر، پلاسٹک سے متعلق کمپنیوں کے شیئرز کی خریداری کے سبب قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا۔