پاکستان کے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ملتان گیریژن کا دورہ کیا جہاں انہیں فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں اور جاری تربیتی سرگرمیوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے تیاریوں کے اعلیٰ معیار پر اطمینان کا اظہار کیا اور قومی خودمختاری و علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے پاک فوج کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کیا۔
آرمی چیف نے اکیڈیمیا اور سول سوسائٹی کے افراد سے انٹرایکٹیو سیشن میں ملاقات کی، جس میں انہوں نے قومی یکجہتی، سول-ملٹری ہم آہنگی اور ہائبرڈ خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے پوری قوم کی شراکت داری کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے پاکستان آرمی ایوی ایشن میں Z-10ME اٹیک ہیلی کاپٹر کی شمولیت کی تقریب کی صدارت بھی کی۔ یہ جدید ترین، ہر موسم میں دن و رات کام کرنے والا گن شپ پلیٹ فارم جدید ریڈار، الیکٹرانک وارفیئر سسٹمز اور ہدف شکن ہتھیاروں سے لیس ہے جو دشمن کے فضائی و زمینی اہداف کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مظفر گڑھ فیلڈ فائرنگ رینجز میں نئے شامل کیے گئے Z-10ME اٹیک ہیلی کاپٹروں کے ذریعے فائر پاور کا عملہ مظاہرہ بھی دیکھا۔جدید Z-10ME اٹیک ہیلی کاپٹر الیکٹرانک وارفیئر سسٹمز اور ہدف شکن ہتھیاروں سے لیس ہے (فوٹو: آئی ایس پی آر)اس طاقتور نظام کی شمولیت آرمی ایوی ایشن کی جدیدیت میں ایک اہم سنگ میل ہے، جو میدانِ جنگ میں فوری اور فیصلہ کن ردِعمل دینے کی صلاحیت کو مزید مضبوط کرتا ہے۔انہوں نے فوجی اہلکاروں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے ان کے غیر معمولی حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت اور جنگی مہارت کو سراہا۔ آرمی چیف نے مشترکہ جنگی حکمت عملی کے کامیاب مظاہرے کی تعریف کرتے ہوئے بدلتے ہوئے جنگی حالات میں برتری قائم رکھنے کے فوج کے عزم کو اجاگر کیا۔قبل ازیں آرمی چیف کے ملتان گیریژن پہنچنے پر کور کمانڈر ملتان نے ان کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔