سرگودھا کی انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی کو میانوالی کے جوڈیشل کمپلیکس پر حملے کے مقدمے کا فیصلہ سنا دیا۔ عدالت نے مقدمے میں گرفتار ملزم اسماعیل کو 25 سال قید کی سزا سناتے ہوئے پی ٹی آئی رہنماؤں احمد خان بچھر، احمد چھٹہ، بلال اعجاز سمیت 51 ملزمان کو اشتہاری قرار دے دیا ہے۔
عدالت نے مقدمے میں نامزد پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمر ایوب خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری پہلے ہی جاری کر رکھے ہیں۔
یہ فیصلہ 9 مئی کے پُرتشدد واقعات کے تناظر میں سامنے آیا ہے جب مختلف شہروں میں سرکاری اور حساس عمارات کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ میانوالی جوڈیشل کمپلیکس پر حملہ بھی انہی واقعات کی کڑی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز فیصل آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے بھی 9 مئی سے متعلق مختلف مقدمات میں عمر ایوب، شبلی فراز، زرتاج گل، صاحبزادہ حامد رضا سمیت 196 افراد کو 10 سال تک قید کی سزائیں سنائی تھیں۔ ان مقدمات میں فواد چوہدری، زین قریشی اور خیال کاسترو سمیت 88 افراد کو بری کر دیا گیا تھا۔