ضلع سوات کے علاقے خوازہ خیلہ چالیار میں واقع مدرسے میں استاد کے بدترین تشدد سے 14 سالہ طالب علم فرحان جاں بحق ہوگیا جب کہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مدرسے میں طالب علم فرحان کو غیر حاضری پر اس کے اساتذہ نے وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ جاں بحق طالب علم کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے خوازہ خیلہ اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد مدرسے کے دو اساتذہ کو اسپتال سے گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ دیگر کی تلاش جاری ہے۔
مقدمہ مدرسے کے استاد محمد عمر اس کے بیٹے احسان اللہ اور ایک اور استاد عبد اللہ کے خلاف درج کیا گیا ہے۔ ان میں سے عبد اللہ کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ محمد عمر اور احسان اللہ کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔