دریائے جہلم اور چناب میں سیلاب کا خدشہ، راولپنڈی اور گجرانوالہ ڈویژن میں اربن فلڈنگ کا الرٹ جاری

اردو نیوز  |  Jul 22, 2025

پی ڈی ایم اے پنجاب نے کہا ہے کہ دریائے جہلم اور چناب  میں نچلے سے درمیانے درجے کے سیلاب کا الرٹ جاری کیا ہے جبکہ راولپنڈی اور گجرانوالہ ڈویژن میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

منگل کو ترجمان پی ڈی ایم اے نے ایک بیان میں کہا کہ 22 سے 23 جولائی کے دوران دریائے چناب اور جہلم اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں نچلے سے درمیانے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے متعلقہ اضلاع کے کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایات کی ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، گجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد، ملتان اور ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے کمشنرز کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔

ان ڈویژنز کے شہروں راولپنڈی، اٹک، چکوال، مری، جہلم، گجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات، منڈی بہاوالدین، وزیر آباد، سرگودھا، نارووال، جھنگ، کوٹ ادو اور دیگر متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے پنجاب نے سول ڈیفنس، ریسکیو و متعلقہ اداروں کو پیشگی انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

 لوکل گورنمنٹ، محکمہ زراعت، محکمہ آبپاشی، محکمہ صحت، محکمہ جنگلات، لائیو سٹاک اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا تمام محکمے وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر تمام تر انتظامات پیشگی مکمل کریں۔ ایمرجنسی کنٹرول رومز میں سٹاف کو الرٹ رکھا جائے۔ ریسکیو 1122 کی ڈیزاسٹر رسپانس ٹیموں کو بھی ہائی الرٹ رکھا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ریسکیو آپریشن کے لیے پٹرول و ڈیزل کا سٹاک وافر مقدار میں ہونا چاہیے۔ عوام الناس کو موجودہ صورتحال سے لمحہ بہ لمحہ آگاہ رکھا جائے۔

عرفان کاٹھیا کا کہنا تھا کہ دریاؤں کے پاٹ میں موجود مکانوں اور مویشیوں کے انخلاء کو یقینی بنائیں۔ فلڈ ریلیف کیمپس میں خوراک، پینے کے صاف پانی و دیگر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ عوام جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔ ہنگامی انخلاء کی صورت میں انتظامیہ سے تعاون کریں۔

محکمۂ موسمیات نے کہا ہے کہ بارشوں کا نیا سلسلہ 25 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے (فوٹو: اے ایف پی)گلگت بلتستان اور پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں ممکنہ بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ الرٹ جاری

دوسری جانب قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے گلگت بلتستان اور پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں ممکنہ بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ الرٹ جاری کر دیا ہے۔

گلگت بلتستان میں گلگت، سکردو، ہنزہ، استور، دیامراور گھانچے کے حساس علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ متوقع ہے۔

پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں مظفرآباد، وادی نیلم، ہویلی، باغ اور پونچھ میں بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔

بالائی خیبر پختونخوا کے اضلاع چترال، دیر، کوہستان اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں شدید بارشوں کے پیش نظر لینڈ سلائیڈنگ کا امکان ہے۔

موسلادھار بارشوں سے سیلاب کا خدشہ

محکمۂ موسمیات نے کہا ہے کہ ملک کے مختلف علاقوں میں مزید سیلاب آنے کا خدشہ ہے کیونکہ بارشوں کا نیا سلسلہ 25 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

ملک بھر میں حالیہ مون سون کی بارشوں کے باعث مجموعی طور پر 221 افراد ہلاک اور 592 زخمی ہوئے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More