پاکستان میں سرکاری سطح پر پہلی بار ہائیڈروسیڈنگ کا تجربہ

سچ ٹی وی  |  Jul 18, 2025

پاکستان میں پہلی بار سرکاری سطح پر ہائیڈروسیڈنگ کی جدید تکنیک کا تجربہ کیا گیا ہے، جس کا مقصد بنجر زمینوں کو سرسبز بنانا اور ماحولیاتی بحالی کے عمل کو تیز کرنا ہے۔

محکمہ جنگلات پنجاب نے فاریسٹ پارک جلو میں کئی ایکڑ رقبے پر یہ تجربہ کیا، جس میں خصوصی مشینری کے ذریعے بیج، کھاد، پانی، نامیاتی مواد اور مٹی کو بہتر بنانے والے اجزا پر مشتمل محلول زمین پر اسپرے کیا گیا۔

ماہرین کے مطابق یہ تکنیک ان علاقوں میں مؤثر ثابت ہوتی ہے جہاں روایتی بیج بونے کے طریقے ناکام ہو جائیں، جیسے پہاڑی ڈھلوانیں، بنجر زمینیں یا وہ علاقے جہاں بارش اور پانی کے بہاؤ سے مٹی کا کٹاؤ ہو رہا ہو۔

ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے چیف کنزرویٹر عابد گوندل نے کہا کہ پاکستان میں ہائیڈروسیڈنگ کے کامیاب ہونے کے امکانات موجود ہیں، بشرطیکہ اسے سائنسی بنیادوں پر، مقامی موسم، مٹی کی ساخت اور پانی کی دستیابی کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنایا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ تھر، چولستان، بلوچستان کے بنجر علاقے اور شہری منصوبے جیسے سڑکوں کے کنارے یا نئی ہاؤسنگ اسکیمیں، اس تکنیک سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

نسیم بٹ کے مطابق ہائیڈروسیڈنگ ایک ایسا طریقہ ہے جو زمین پر سبزہ، گھاس یا دیگر نباتات کو تیزی سے اگانے کے لیے استعمال ہوتا ہے اور یہ کٹاؤ کی روک تھام، زمین کی تزئین اور ماحولیاتی بحالی کے لیے مؤثر ثابت ہوتا ہے۔

ماہرین کے مطابق پاکستان میں اس تکنیک کے فروغ میں کچھ چیلنجز درپیش ہیں جن میں پانی کی کمی، خصوصی مشینری اور تربیت یافتہ عملے کی عدم دستیابی شامل ہیں اور بعض علاقوں میں پتھریلی یا غیر زرخیز مٹی بھی اس کی کامیابی کو متاثر کر سکتی ہے۔

ماہرین نے بتایا کہ دنیا کے کئی ممالک میں ہائیڈروسیڈنگ ایک تسلیم شدہ تکنیک کے طور پر استعمال ہو رہی ہے، امریکہ میں ہائی ویز، گالف کورسز اور کٹاؤ سے متاثرہ زمین کی بحالی کے منصوبوں میں اسے بڑے پیمانے پر اپنایا گیا ہے۔

چین نے صحرائی علاقوں کو سرسبز بنانے کے لیے اس تکنیک کا کامیاب استعمال کیا ہے، آسٹریلیا، کینیڈا، برطانیہ، اسپین، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات جیسے ممالک بھی شہری سبزہ کاری، واٹرشیڈ مینجمنٹ اور زمین کی بحالی کے لیے ہائیڈروسیڈنگ کو مؤثر حل کے طور پر اپنا چکے ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More