سابق خاتونِ اول بشریٰ بی بی کے بیٹے موسیٰ مانیکا نے گھریلو ملازم کو مبینہ طور پر تاخیر سے کام کرنے پر فائرنگ کرکے شدید زخمی کر دیا۔
ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب موسیٰ مانیکا نے غصے میں آ کر اپنے ملازم علی بہادر پر گولی چلا دی اور بعد ازاں جدید ہتھیاروں سے لیس ہو کر اسے طبی امداد کے لیے اٹھانے سے بھی روک دیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ضلعی پولیس افسر (ڈی پی او) پاکپتن، جاوید چدھڑ، موقع پر پہنچے اور صورتحال کا جائزہ لیا۔
ترجمان پاکپتن پولیس نے تصدیق کی ہے کہ موسیٰ مانیکا کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور اس کے خلاف فائرنگ کے مقدمے میں قانونی کارروائی جاری ہے۔
ڈی پی او جاوید چدھڑ کا کہنا تھا کہ کوئی بھی شخص قانون سے بالاتر نہیں، چاہے وہ کتنا ہی با اثر کیوں نہ ہو، اور قانون کی خلاف ورزی پر سخت ایکشن لیا جائے گا۔