پنجاب بھر میں سیلابی صورت حال کے پیش نظر دفعہ 144، مزید بارشوں کی پیش گوئی

اردو نیوز  |  Jul 17, 2025

مون سون بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال کے پیش نظر پنجاب بھر میں دفعہ 144 کا نفاذ کرتے ہوئے ڈیموں، دریاؤں، نہروں، تالابوں اور جھیلوں میں تیراکی پر پابندی عائد کر دی گئی ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے اگلے ہفتے سے مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔

موسلادھار بارشوں کے باعث راولپنڈی، چکوال اور ضلع جہلم کے متعدد دیہات زیرِآب آئے ہیں۔

پنجاب حکومت کی ہدایت پر راولپنڈی اور چکوال کی ضلعی انتظامیہ نے علاقے میں رین ایمرجنسی کا نفاذ کیا ہے جبکہ ضلع جہلم کے کئی دیہات میں سیلابی صورتحال کے باعث فوج کی مدد طلب کی گئی ہے۔

جمعرات کو پنجاب کے محکمہ داخلہ نے نوٹیفیکیشن جاری کرتے ہوئے کہ گلیوں، سڑکوں، کھلی جگہوں یا عوامی مقامات پر بارش کے جمع شدہ پانی میں نہانے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے جبکہ ڈیموں، دریاؤں، نہروں، تالابوں اور جھیلوں میں بلااجازت کشتی رانی پر پابندی ہوگی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق دفعہ 144 کے تحت تمام پابندیوں کا اطلاق 30 اگست تک ہوگا۔

راولپنڈی اور مری کی صورتحالراولپنڈی شہر کے درمیان سے گزرنے والے نالہ لئی میں جمعرات کی صبح پانی کی سطح بلند ہو کر خطرے کے نشان تک پہنچ گئی جس کے بعد قریبی آبادیوں کے رہائشیوں کو خبردار کرنے کے لیے سائرن بجائے گئے۔

دوسری جانب اسلام آباد کے مری کو جانے والی شاہرہ پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک چند گھنٹوں کے معطل رہی۔

چکوال میں کلاؤڈ برسٹمحکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش چکوال کے مخلتف علاقوں میں ریکارڈ کی گئی جہاں کلاؤڈ برسٹ ہوا۔

’چکوال شہر کے نواحی علاقے للیاندی میں سب سے زیادہ 423 ملی لیٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ تحصیل چوآسیدن شاہ کے قصبے میں 330 ملی لیٹر بارش ہوئی۔‘

چکوال کی ضلعی انتظامیہ نے اردو نیوز کو بتایا کہ نواحی دیہات للیاندی اور ارڑ مغلاں میں رات کو کلاؤوڈ برسٹ ہوا جس کے بعد ارڑ مغلاں میں ایک بڑا سیلابی ریلا آیا اور ایک چھوٹا ڈیم اوور فلو ہو گیا ہے، جبکہ ضلع بھر میں قائم درجنوں نجی و سرکاری ڈیموں اور برساتی نالوں میں طغیانی ہے اور کئی سڑکیں، بجلی کے پول اور درخت بہہ گئے ہیں۔

راولپنڈی اور چکوال کی ضلعی انتظامیہ نے علاقے میں رین ایمرجنسی کا نفاذ کیا ہے۔ فوٹو: اے ایف پیتکیہ شاہ مراد کے قریب جنڈیالہ فیض اللّٰہ سے گزرنے والے سیلابی ریلے نے بھی تباہی مچائی ہے۔

ادھر محکمہ موسمیات نے بارشوں اور سیلاب سے متعلق تازہ الرٹ جاری کرتے ہوئے 21 جولائی سے ملک کے بالائی علاقوں میں شدید بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے۔

’مشرقی دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں 21 جولائی سے اضافے کا خدشہ ہے جبکہ 18 سے 24 جولائی تک مشرقی دریاؤں کے کیچمنٹ ایریاز میں موسلا دھار بارشیں متوقع ہیں۔‘

محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کیا ہے کہ نیا موسمی نظام مشرقی دریاؤں کو متاثر کر سکتا ہے۔

راولپنڈی اور اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں سے موسلادھار بارش جاری ہے جبکہ اگلے 24 سے 48 گھنٹوں تک وقفے وقفے سے بارش جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اگلے 24گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث شہروں میں سیلابی صورتحال جبکہ ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

’پنجاب کے اضلاع بشمول لاہور، چکوال، اٹک، جہلم، خوشاب، سرگودھا، گجرات، گوجرانوالہ، فیصل آباد،سیالکوٹ، نارووال، اوکاڑہ، قصور، شیخوپورہ اور حافظ آباد میں اگلے 12گھنٹوں میں آندھی اور طوفان کے ساتھ شدید بارش کا امکان ہے۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More