ٹرانسپورٹرز نے بھی 19 جولائی کو ملک گیر پہیہ جام کا اعلان کردیا

ہماری ویب  |  Jul 14, 2025

ٹرانسپورٹرز نے 19 جولائی کو تاجروں کی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کردیا، کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے مرکزی دفتر میں پیر کو ٹرانسپورٹر رہنماوں نے ملاقات کی ، جس میں وفاقی بجٹ میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو دئیے گئے اختیارات کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ، اجلاس کے بعد ٹرانسپورٹرز نے کراچی چیمبر کے 19 جولائی کو اعلان کردہ ہڑتال کی حمایت کا اعلان کردیا ۔

ٹرانسپورٹر رہنما ملک شہزاد اعوان اور ملک شیرخان کی قیادت میں ٹرانسپورٹرز نے صدر کراچی چیمبر جاوید بلوانی کو یقین دلایا کہ ٹرانسپورٹ برادری تاجروں کے ساتھ ہے 19 جولائی کو ملک میں کہیں بھی کوئی سپلائی یا کوئی گاڑی نہیں چلے گی۔ ملک شیر خان صدر کراچی گڈز کیرئیر کے مطابق اگر تاجر کہیں گے ہڑتال بڑھانی ہے تو ہم ہڑتال کو مزید بڑھائیں گے وزیر خزانہ فوری طور پر ہمارے مطالبات مانیں گے تب ہم ہڑتال واپس لینگے۔

اس موقع پر جاوید بلوانی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم آفس اور وزارت خزانہ سے مذاکرات کے لئیے بار بار فون آرہے ہیں لیکن وزیر خزانہ کراچی آکر بھی ہم سے ملاقات نہیں کررہے۔ انہوں نے کہا کہ بات چیت ہونی چاہیے حکومت ہمارے سارے مسائل حل کرے، ان حالات میں ہم بزنس کیسے ہم چلائیں گے؟ انہوں نے کہا کہ ہم خود ٹیکس نیٹ میں آئے ہیں ایف بی آر کسی کو ٹیکس میں نہیں لائی ۔ حکومت تاجروں اور ٹرانسپورٹرز کے مطالبات فوری تسلیم کرکے تمام متنازعہ اقدامات واپس لے نہیں تو ملک گیر ہڑتال کی جائے گی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More