حبس اور بادل کے ڈیرے۔۔ کراچی میں موسلا دھار بارش کا امکان کب؟ محکمہ موسمیات کی ملک بھر کے موسم سے متعلق پیش گوئی

ہماری ویب  |  Jul 14, 2025

ملک بھر میں ایک بار پھر برسات کے بادل چھا رہے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چند دنوں کے دوران مختلف علاقوں میں بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان بھی موجود ہے۔

محکمے کے مطابق جمعے سے پیر تک اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا، شمال مشرقی بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش متوقع ہے۔ ان علاقوں میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش کے ساتھ ندی نالوں میں پانی کی سطح بلند ہونے اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔

دوسری جانب سندھ کے بیشتر حصوں میں موسم گرم اور نم رہنے کا امکان ہے، تاہم ساحلی علاقوں، خاص طور پر کراچی، ٹھٹھہ، بدین اور قریبی اضلاع میں کہیں کہیں بارش ہو سکتی ہے۔ سکھر، لاڑکانہ اور جیکب آباد جیسے گرم ترین علاقوں میں بھی گرمی کے ساتھ ساتھ ہلکی بارش کی امید کی جا رہی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش رحیم یار خان میں ریکارڈ کی گئی جہاں 47 ملی میٹر بارش ہوئی۔

کراچی کے حوالے سے ڈپٹی چیف میٹرولوجسٹ انجم نذیر ضیغم نے “ہماری ویب“ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ مون سون کے موسم کی وجہ سے شہر قائد کا مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا جبکہ رات کے وقت ہلکی بوندا باندی یا ہلکی بارش کا امکان موجود ہے۔ البتہ ١٨ سے ٢٠ تاریخ تک کراچی میں موسلا دھار بارش کا امکان موجود ہے۔

موسمیاتی ماہرین نے شہریوں کو محتاط رہنے، نالوں اور پُر خطر مقامات سے دور رہنے اور سفر سے قبل موسم کی صورتحال جانچنے کا مشورہ دیا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More