ایئر انڈیا تین عہدیداروں کو اُن کے عہدوں سے ہٹائے، ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن

اردو نیوز  |  Jun 21, 2025

انڈیا میں ہوابازی کی صنعت کو ریگولیٹ کرنے والی اتھارٹی نے ایئرانڈیا سے اُس کے تین عہدیداروں کو کام میں ناکامی کے باعث ہٹانے کے لیے کہا ہے۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق تینوں عہدیداروں کو ہٹانے کے لیے جاری کیے گئے حکمنامے میں اُن کو خرابی کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔

رواں ماہ کے اوائل میں احمدآباد میں ایئرانڈیا کے طیارے کے حادثے کے بعد حکام نے ایئرلائنز کے حفاظتی انتظامات کی تفتیش کی ہے۔

انڈیا کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن نے ایئر انڈیا کو جاری کردہ ہدایت نامے میں یہ واضح نہیں کیا کہ آیا کہ ان تین عہدیداروں کا احمدآباد میں طیارے کے حادثے سے کوئی تعلق ہے۔

طیارے کے حادثے میں جہاز پر سوار ایک مسافر کے سوا تمام 241 افراد ہلاک ہو گئے تھے جبکہ جس عمارت پر جہاز گرا وہاں کم از کم 38 شہری مارے گئے۔

ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن کے مطابق ایئر انڈیا نے رضاکارانہ طور پر بتایا کہ فلائٹس کے عملے کی شیڈول کی تبدیلی کے نظام میں خرابی ہے، نگرانی اور اندرونی احتساب کا عمل مفقود ہے۔

جمعے کو جاری کیے گئے حکمنامے میں ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن نے کہا کہ ’خاص طور پر ہمارا خدشہ اس حوالے سے ہے کہ ان آپریشنل خامیوں یا کوتاہیوں کے ذمہ دار عہدیداروں  کے خلاف انضباطی کارروائی نہیں کی گئی۔‘

حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ ’ان سنگین اور مسلسل کی جانے والی کوتاہیوں کے ذمہ دار ہیں۔‘

ریگولیٹر نے ایئر انڈیا کو حکم دیا ہے کہ جن عہدیداروں کی نشاندہی کی گئی ہے اُن کو ’کریو شیڈولنگ سے متعلق تمام کرداروں اور ذمہ داریوں سے ہٹایا جائے۔‘

تینوں عہدیداروں کے نام لکھتے ہوئے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن نے ایئر انڈیا کو حکم دیا کہ ’ان کے خلاف تادیبی کارروائی کریں، اور 10 دنوں کے اندر اٹھائے گئے اقدامات کی رپورٹ دیں۔‘

مستقبل میں ان خلاف ورزیوں کو دہرانے کے نتیجے میں ایئر انڈیا کا لائسنس بھی معطل کیا جا سکتا ہے۔

ایئر لائن نے سنیچر کو کہا کہ اس نے حکم پر عمل درآمد کر لیا ہے۔

جن عہدیداروں کو ہٹانے کی ہدایت کی گئی اُن کا احمدآباد حادثے سے تعلق واضح نہیں۔ فائل فوٹو: اے ایف پیایک بیان میں کہا گیا کہ ’ایئر انڈیا اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے کہ حفاظتی پروٹوکولز اور معیاری طریقوں کی مکمل پابندی ہو۔‘

تفتیش کار یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ احمد آباد میں ٹیک آف کے چند لمحوں بعد ایئر لائن کا لندن جانے والا طیارہ کس وجہ سے زمین پر گر گیا تھا۔

ایئر انڈیا نے جمعرات کو کہا تھا کہ بوئنگ 787-8 ڈریم لائنر طیارہ ’مکمل طور پر ٹھیک‘ تھا اور یہ کہ پائلٹ کامیاب فلائر تھے۔

جائے حادثہ سے کاک پٹ وائس ریکارڈر اور فلائٹ ڈیٹا ریکارڈر حاصل کیا جا چکا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More