صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو خبردار کیا ہے کہ اگر امریکہ پر حملہ کیا تو اس کی افواج پوری طاقت اور قوت کے ساتھ حملہ آور ہوں گی۔عرب نیوز کے مطابق صدر ٹرمپ نے سنیچر کو ہونے والے تازہ حملے کا ذکر کرتے ہوئے کہا ’ایران پر آج رات کے حملے میں امریکہ کا کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ اگر ہم پر کسی بھی طرح سے حملہ ہوا، کسی بھی صورت یا شکل میں تو امریکی مسلح افواج اپنی پوری طاقت اور قوت سے اس طرح سے حملہ آور ہوں گی جو اس سے پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا۔‘انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم آسانی سے ایران اور اسرائیل کے درمیان ڈیل کروا سکتے ہیں اور اس خونی تنازع کو ختم کر سکتے ہیں۔‘گزشتہ روز ایران نے امریکہ، برطانیہ اور فرانس کو خبردار کیا تھا کہ اگر سرائیل پر تہران کے حملے روکنے میں مدد کی تو خطے میں ان کے اڈوں اور بحری جہازوں کو نشانہ بنایا جائے گا۔
ایران کی فارس خبر رساں ایجنسی نے سنیچر کو ایرانی فوجی حکام کے حوالے سے بتایا تھا کہ اسرائیل کے خلاف ایران کے حملے جاری رہیں گے جبکہ آنے والے دنوں میں خطے میں موجود امریکی اڈوں کو شامل کر کے اپنے اہداف کو وسعت دی جائے گی۔
ایرانی نیوز ایجنسی نے سینیئر فوجی حکام کا حوالہ دیتے ہوئے مزید رپورٹ کیا کہ جنگ ’آنے والے دنوں میں اس (اسرائیلی) حکومت کے زیر قبضہ تمام علاقوں اور خطے میں امریکی اڈوں تک پھیل جائے گی۔اسرائیل نے جمعے کی علی الصبح ایران پر حملہ کیا تھا جس کے بدلے میں ایران نے جوابی کارروائی کی۔