ایران معاہدہ کر لے اس سے پہلے کہ کچھ نہ بچے، صدر ٹرمپ

اردو نیوز  |  Jun 13, 2025

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر معاہدہ کرنے کے لیے زور دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ مزید اموات اور تباہی ہو سکتی ہے۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق صدر ٹرمپ کا یہ بیان اُن کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹرتھ سوشل‘ پر ایسے وقت پوسٹ کیا گیا ہے جب جمعے کو اسرائیل نے ایران میں حملوں کے ایک سلسلے میں 100 اہداف کو نشانہ بنایا۔

اسرائیل کے ان حملوں میں ایران کے متعدد سینیئر عہدیدار مارے گئے جن میں افواج کے سربراہ اور ایٹمی سائنسدان شامل ہیں۔

ایران نے اسرائیل کے ان حملوں کو ’اعلانِ جنگ‘ قرار دیا ہے۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ ’میں نے ایران کو ایک کے بعد دوسرا موقع دیا کہ وہ معاہدہ کر لے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ امریکہ نے اسرائیل کو بہت زیادہ ہتھیار دیے ہیں اور ’وہ جانتے ہیں کہ ان کو کیسے استعمال کیا جائے۔‘

صدر ٹرمپ نے پوسٹ کیا کہ ’پہلے ہی بہت زیادہ اموات اور تباہی ہو چکی ہے، لیکن اب بھی وقت ہے کہ اس خونریزی کو روک دیا جائے جس کی منصوبہ بندی ہے اور جو پہلے کے حملوں سے زیادہ خوفناک ہوگی۔‘

انہوں نے لکھا کہ ’ایران کو معاہدہ کر لینا چاہیے اس سے پہلے کہ کچھ باقی نہ بچے۔ معاہدہ کر لیں، اس سے پہلے کہ دیر ہو جائے۔‘

قبل ازیں صدر ٹرمپ نے فاکس نیوز سے کو بتایا تھا کہ ان کو ایران پر اسرائیلی حملوں کا پیشگی علم تھا اور تہران کے پاس ’جوہری بم نہیں ہونا چاہیے۔‘

صدر ٹرمپ نے کہا کہ ’میں نے ایران کو ایک کے بعد دوسرا موقع دیا کہ وہ معاہدہ کر لے۔‘ فوٹو: اے ایف پیانہوں نے یہ بھی کہا کہ ’ہم مذاکرات کی میز پر واپس جانے کی امید کر رہے ہیں۔‘

صدر ٹرمپ نے اپنے پہلے دورِ صدارت کے دوران ایران کے ساتھ کیے گئے جوہری معاہدے کو ختم کر دیا تھا۔ اس معاہدے میں یورپی طاقتیں بھی شامل تھیں۔

ایران پر اسرائیل کے جمعے کی صبح کیے گئے حملوں کے بعد امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا تھا کہ ان کے کا اس کارروائی سے کوئی لینا دینا نہیں۔ ’یہ بالکل واضح ہے، ایران کو امریکی مفادات یا اہلکاروں کو نشانہ نہیں بنانا چاہیے۔‘

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More