انڈیا کے چیف آف آرمی سٹاف جنرل اوپیندر دویدی جب مدھیہ پردیش کے چترکوٹ میں واقع آشرم میں روحانی رہنما جگد گرو رام بھدراچاریہ سے آشیرواد لینے گئے تو گرو نے ان سے پاکستان کے زیرِانتطام کشمیر کو واپس حاصل کرنے کی درخواست کر دی۔انڈین نیوز چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق جنرل اوپیندر دویدی نے بدھ کو جب آشرم کا دورہ کیا تو ہندوؤں کے روحانی رہنما نے کہا کہ ’انہیں رام منتر کے ساتھ وہی دکشا دی گئی تھی جو ہنومان کو دی گئی تھی جب وہ سیتا کو بچانے کے لیے راون کی لنکا جا رہے تھے۔‘انہوں نے مذہبی امور پر بھی بات کی اور آرمی چیف نے آشرم میں موجود سادھوؤں اور طلبہ سے بھی گفتگو کی۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق اس موقع پر جگد گرو رام بھدراچاریہ نے گرو دکشنا میں آرمی چیف سے پاکستان کے زیرانتطام کشمیر کا مطالبہ کیا۔
پر جگد گرو رام بھدراچاریہ ہندوؤں کے ممتاز روحانی رہنما ہیں، اور سنسکرت اور فلسفے کے استاد ہیں۔ وہ کئی کتابیں بھی لکھ چکے ہیں۔ان کی جانب سے جنرل اوپیندر دویدی سے یہ درخواست ایک ایسے وقت میں کئی گئی ہے جب دونوں ملکوں کے تعلقات نہایت کشیدہ ہیں۔ گذشتہ مہینے 22 اپریل کو پہلگام میں 26 سیاحوں کی ہلاکت کے بعد انڈیا نے اس کا الزام پاکستان پر عائد کرتے ہوئے سات مئی کو ’آپریشن سندور‘ لانچ کیا تھا جس کے تحت پاکستان کے کئی شہروں اور کشمیر میں مختلف مقامات کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ اس کے بعد پاکستان نے بھی جوابی کارروائی کی اور رفال سمیت انڈیا کے کئی طیارے مار گرائے۔انڈیا کے ڈرونز حملوں اور نور خان فضائی اڈے پر حملے کے بعد پاکستان نے آپریشن ’بنیان مرصوص‘ کا آغاز کیا اور انڈیا میں 26 مقامات کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا۔تاہم اس کے بعد امریکہ نے ثالثی کرتے ہوئے دونوں ممالک میں جنگ بندی کرا دی۔