’یوکرین کے شہروں پر بلاوجہ حملے‘، ٹرمپ نے پوتن کو ’بالکل پاگل‘ قرار دے دیا

اردو نیوز  |  May 26, 2025

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روسی صدر ولادیمیر پوتن کو ’پاگل‘ قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ پورے یوکرین پر قبضے کوشش روس کو زوال کی طرف لے جائے گی۔

خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے اتوار کو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ ٹروتھ پر ایک ہوسٹ ٰمیں لکھا کہ ’میرے پوتن کے ساتھ ہمیشہ سے خوشگوار تعلقات رہے ہیں، لیکن جانے ان کو کیا ہو گیا ہے اور مکمل طور پر پاگل ہو گئے ہیں۔‘

انہوں نے پچھلے تین روز کے دوران روس کے یوکرین پر ڈرون اور میزائل حملوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ’پوتن بغیر کسی ضرورت کے بڑی تعداد میں لوگوں کو قتل کر رہے ہیں۔‘

ان کے مطابق ’میزائل اور ڈرون بغیر کسی وجہ سے یوکرین کے شہروں پر حملے کر رہے ہیں۔‘

ڈونلڈ ٹرمپ نے انتباہ کرتے ہوئے کہا کہ ’اگر پوتن یوکرین کو فتح کرنا چاہتے ہیں تو یہ چیز ان کو روس کے زوال کی طرف لے جائے گی۔‘

دوسری جانب امریکی صدر نے یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی کے حوالے سے بھی مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’زیلنسکی جس طرح سے بات کرتے ہیں اس سے بھی ان کے ملک کا کوئی بھلا نہیں ہو رہا، ان کے منہ سے نکلنے والا ہر لفظ مسائل کا باعث بنتا ہے، مجھے یہ پسند نہیں، بہتر ہے کہ اس سلسلے کو روکا جائے۔‘

خیال رہے فروری 2022 میں حملے کے بعد سے کچھ روز پیشتر روس نے یوکرین پر اب تک کے سب سے بڑا ڈرون حملوں کا سلسلہ شروع کیا ہے۔

یوکرینی حکام کا کہنا ہے کہ تازہ حملوں میں کم سے کم 12 افراد ہلاک جبکہ درجنوں کی تعداد میں زخمی ہوئے ہیں۔

’امریکہ جوتوں اور ٹی شرٹس نہیں بلکہ ٹینکس بنانا چاہتا ہے‘

علاوہ ازیں اتوار کو نیو جرسی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ان کی ٹیرف پالیسی کا مقصد مقامی سطح پر ٹینکوں کی تیاری کو بڑھانا ہے نہ کہ سنیکرز اور ٹی شرٹس کو۔

صدر ٹرمپ نے امریکہ سے باہر تیار ہونے والے آئی فونز پر 25 فیصد ٹیرف لگانے کی دھمکی بھی دی ہے (فوٹو: اے ایف پی)

برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ  وزیر خزانہ کے اس تبصرے سے اتفاق کرتے ہیں کہ کپڑے کی صنعت میں کوئی بڑی تیزی لانے کی ضرورت نہیں ہے۔

29 اپریل کو جاری کیے گئے سکاٹ بیسنٹ کے اس بیان پر ٹیکسٹائل کی قومی سلامتی کونسل کی جانب سے شدید تنقید کی گئی تھی۔

ٹرمپ کے مطابق ’ہم جوتے اور ٹی شرٹس نہیں بنانا چاہتے ہم فوجی سازوسامان بنانا چاہتے ہیں، ہمارا مقصد بڑی چیزیں بنانا ہے۔ ہم کمپیوٹرز اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سے متعلق اشیا بنانا چاہتے ہیں۔‘

انہوں نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ’ایمانداری کی بات یہ ہے کہ میری توجہ ملبوسات پر نہیں، یہ  چیزیں بنانے کے لیے ہمارے پاس اور بھی مقامات ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ چپس اور کمپیوٹرز کے میدان میں آگے بڑھیں اور ان کے علاوہ ٹینک اور بحری جہاز بنائیں۔‘

دوسری بار صدارت کا عہدہ سنبھالنے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹیرف پالیسی کا اعلان کیا تھا جن کو انہوں نے ملک کی معیشت ٹھیک  کرنے کا فارمولا قرار دیا تھا۔ انہوں نے دنیا کے مختلف ممالک کی اشیا پر ٹیکس لگانے کا اعلان کیا تھا جن میں سب سے زیادہ چین پر تھا۔

اس اعلان کے بعد بہت سے ممالک نے جواباً امریکی مصنوعات پر بھی محصولات لگائے تاہم مجموعی طور پر اس اعلان کے بعد عالمی سطح پر تجارت شدید ہلچل کا شکار ہوئی اور عالمی منڈیوں کے حالات خراب رہنے کے ساتھ ساتھ سرمایہ کار بھی پریشان رہے۔

کچھ عرصہ قبل ڈونلڈ ٹرمپ نے محصولات کو تین ماہ کے لیے موخر کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم چین پر بھاری ٹیرف برقرار رکھا تھا جس کے جواب میں چین نے بھی امریکی منصوعات پر ٹیکس لگائے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے چپس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سے متعلق دوسری اشیا کی تیاری پر بھی زور دیا (فوٹو: گیٹی امیجز)

ماہرین اس صورت حال کو ’تجارتی جنگ‘ سے تعبیر کر رہے ہیں۔

کچھ روز سے چین اور امریکہ کے درمیان ٹیرف کے معاملے پر بات چیت بھی ہو رہی ہے تاہم ابھی تک وہ کسی نتیجے تک نہیں پہنچی ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کی سخت ٹیرف پالیسی اس وقت جمعے کو ایک بار پھر سامنے آئی جب انہوں نے یکم جون سے یورپی یونین میں شامل ممالک میں تیار ہونے والی اشیا پر 50 فیصد ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی بھی دی اور آئی فون بنانے والی کمپنی ایپل کو بھی وارننگ دی کہ امریکہ سے باہر تیار ہونے والے ان فونز پر 25 فیصد تک ٹیکس عائد کیا جا سکتا ہے جو امریکہ کے اندر بیچے جائیں۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More