ثانیہ سعید کی ازدواجی زندگی کا سنسنی خیز انکشاف

سچ ٹی وی  |  May 06, 2025

سینئر اداکارہ، لکھاری و ٹی وی میزبان ثانیہ سعید نے پہلی بار اپنی ازدواجی اور ذاتی زندگی پر بات کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ اب وہ شادی کے رشتے میں نہیں ہیں، ان کی شادی 35 سال تک چلی۔

ثانیہ سعید نے حال ہی میں فریحہ الطاف کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ان کا شوبز کیریئر اور سماجی کام کھلی کتاب کی طرح ہے، اس سے متعلق ہر کوئی جانتا ہے لیکن ان کی ذاتی زندگی ایک راز ہے، کیوں کہ اگر وہ ذاتی زندگی کی باتیں سب کو بتادیں تو بھی کسی کو اس کا فائدہ نہیں ہوگا۔ ان کے مطابق ذاتی زندگی کوئی کام یا تجربہ نہیں، جس سے دوسرے سیکھ سکیں، اس لیے وہ ذاتی زندگی پر کبھی بات نہیں کرتی۔

شادی اور محبت سے متعلق پوچھے گئے سوال پر اداکارہ نے کہا کہ انہوں نے شادی کی تھی اور ان کی شادی شدہ زندگی 35 برس تک رہی۔ ثانیہ سعید نے کہا کہ انہوں نے اپنے بچپن کے ساتھی اور دوست سے شادی کی، جن کے ساتھ وہ پلی بڑھیں، ایک ساتھ پڑھیں اور ایک ساتھ کیریئر شروع کیا۔

ان کے مطابق ان کے اور ان کے شریک حیات کے درمیان ہمیشہ ہی اچھے تعلقات رہے اور اب جب وہ ایک ساتھ نہیں، جب ان کی شادی برقرار نہیں رہی، تب بھی ان کے درمیان اچھے روابط ہیں۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ عام طور پر مشرقی معاشرے میں شادی کے لیے خواتین کو قربانیاں دینی پڑتی ہیں، انہیں اپنے خوابوں کو چھوڑنا پڑتا ہے لیکن وہ خوش قسمت ہیں کہ ان کے ساتھ ایسا کچھ نہیں ہوا۔

ثانیہ سعید نے بتایا کہ ان کے اور ان کے شوہر کے درمیان ہمیشہ سے اچھے تعلقات تھے، وہ دوست تھے، اسی لیے انہیں شادی کے بعد بھی قربانیاں نہیں دینی پڑیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں کوئی اولاد نہیں اور نہ ہی انہیں اولاد نہ ہونے کا افسوس ہے، انہوں نے تسلیم کیا کہ والدین اور اولاد کی محبت کا نعمل البدل کچھ بھی نہیں، وہ نایاب محبت ہوتی ہے۔

اگرچہ ثانیہ سعید نے بتایا کہ ان کی شادی 35 سال تک چلی اور پھر ان کے درمیان تعلق ختم ہوا، تاہم انہوں نے واضح نہیں کیا کہ ان کی شادی کس وجہ سے ختم ہوئی؟

ثانیہ سعید نے 1990 کی دہائی میں ساتھی اداکار، ہدایت کار اور دیرینہ دوست شاہد شفاعت سے شادی کی تھی۔ اداکارہ نے بطور چائلڈ آرٹسٹ 1980 کی دہائی میں پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) سے کیریئر کا آغاز کیا، ان کا شمار چند مقبول ترین اداکاراؤں میں ہوتا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More