کینسر کو شکست دینے کے بعد بھی طبی پیچیدگیاں ہیں، اسما عباس کا انکشاف

سچ ٹی وی  |  May 01, 2025

سینئر اداکارہ اسما عباس نے انکشاف کیا ہے کہ کینسر سے قبل بھی وہ متعدد بیماریوں میں مبتلا تھیں اور ابھی تک بیماریوں کا شکار ہیں، انہیں 20 سال سے ذیابیطس ہے جب کہ ان کے سروائیکل میں اسکریو اور پلیٹ بھی لگے ہوئے ہیں۔

اسما عباس نے حال ہی میں ’سنو ٹی وی‘ کے پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی بیماری سمیت اہل خانہ اور خصوصی طور پر اپنی بیٹی اداکارہ زارا نور عباس کے ساتھ اپنے تعلق پر بھی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ اگر دنیا بھر کی ماں اور بیٹی میں خصوصی تعلق ہوتا ہے لیکن ان کا ماننا ہے کہ ان کا اور ان کی بیٹی زرا نور عباس کا تعلق کچھ زیادہ ہی مضبوط اور حساس ہے۔

اداکارہ کے مطابق وہ متعدد بار بیٹی کو سمجھاتی رہتی ہیں کہ اب وہ بڑی ہوجائیں اور بہت ساری چیزیں خود کرنا سیکھے، کبھی وہ ان کے پاس ہوں یا نہ ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ زارا نور عباس ان سے اتنی محبت کرتی ہیں کہ وہ ان کی بات ہی نہیں سمجھ پاتی اور سوال کرتی ہیں کہ کیا مطلب کہ کبھی وہ ان کے پاس ہوں گی یا نہیں ہوں گی؟

اداکارہ کا کہنا تھا کہ اب انہیں بیٹی سے زیادہ قریبی تعلق سے ڈر لگنے لگا ہے، وہ چاہتی ہیں کہ اب وہ زارا نور عباس سے دور دور رہنے لگیں تاکہ وہ ان کے بغیر بھی رہنا سیکھیں۔ بیماریوں سے متعلق پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ کینسر میں مبتلا ہونے سے قبل بھی انہیں متعدد طبی پیچیدگیاں لاحق تھیں۔

انہوں نے کینسر سے صحت یابی پر خدا کا شکر ادا کیا اور کہا کہ ان کی زندگی لکھی ہوئی تھی، تبھی وہ صحت یاب ہوئیں، ورنہ ان کی بہن، والدہ اور والد بھی چلے گئے، ان کی زندگی نہیں لکھی ہوئی تھی، اس لیے وہ دنیا سے رخصت ہوئے۔ اسما عباس نے اسی بات پر انکشاف کیا کہ ان کی متعدد سرجریز ہو چکی ہیں جب کہ وہ گزشتہ 20 سال سے ذیابیطس کی مریضہ بھی ہیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ تقریبا 20 سال قبل ہی ان کا سروائیکل کا آپریشن بھی ہوا تھا، انہیں گردن میں اسکریو اور پلیٹس لگی ہوئی ہیں۔ اسما عباس نے بتایا کہ ان کے بازوں کے پٹھوں میں بھی خرابی رہتی ہے، وہ بھی اندر سے پھٹے ہوئے ہیں جب کہ انہیں دیگر طبی پیچیدگیاں بھی لاحق ہیں۔ اداکارہ نے کہا کہ وہ تمام بیماریوں کے باوجود متحرک رہتی ہیں، ان کے متحرک رہنے اور ثابت قدم رہنے کی وجہ سے ہی وہ چل رہی ہیں۔

خیال رہے کہ اسما عباس کو 2021 میں کینسر ہوگیا تھا اور انہوں نے 2022 میں بتایا تھا کہ ان کے کینسر کا ٹیومر شعائوں کے ذریعے ختم کیا گیا تھا اور انہوں نے شعائوں کے 30 سیشنز لیے تھے، جس وجہ سے ان کے جسم کو کافی نقصان بھی پہنچا تھا اور وہ کمزور پڑ گئی تھیں۔

بعد ازاں فروری 2024 میں اداکارہ نے بتایا تھا کہ اب وہ کینسر سے مکمل صحت یاب ہوچکی ہیں اور کینسر سے نئی زندگی ملنے پر انہیں محسوس ہوا کہ خدا ان سے محبت کرتے ہیں، تبھی انہیں نئی زندگی بخشی۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More